کم ڈیٹا استعمال کرنے کے لیے صرف تحریر پڑھیں
،تصویر کا ذریعہRTA
وقت اشاعت 5 منٹ قبل
مطالعے کا وقت: 3 منٹ
51 کروڑ روپے کی گاڑی کی نمبر پلیٹ۔۔یہ سُن کر آپ کو ضرور حیرانی تو ہوئی ہو گی۔
سنیچر کو دبئی میں گاڑیوں کے پرکشش نمبر پلیٹس کی بولی کے دوران CC44 کا نمبر 6.72 ملین درہم (تقریباً 51 کروڑ روپے) میں فروخت ہوا۔
دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی جانب سے لگژری گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی نیلامی کے دوران مجموعی طور پر 65.721 ملین درہم تقریباً چار ارب 97 کروڑ 19 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی۔
نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت CC44 نمبر پلیٹ کی لگی، جو 67 لاکھ 20 ہزار درہم (تقریباً 50 کروڑ 84 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئی۔
اس کے بعد BB18 نمبر پلیٹ 66 لاکھ 20 ہزار درہم (تقریباً 50 کروڑ 8 لاکھ پاکستانی روپے) اور BB80 نمبر پلیٹ 59 لاکھ درہم (تقریباً 44 کروڑ 63 لاکھ پاکستانی روپے) میں فروخت ہوئی۔
جبکہ BB117 نمبر پلیٹ 10 لاکھ درہم سے زائد (تقریباً سات کروڑ 56 لاکھ پاکستانی روپے سے زیادہ) میں فروخت ہوئی۔
آر ٹی اے حکام کے مطابق نیلامی کے نتائج سے ایک بار پھر ظاہر ہوا کہ اوپن اور آن لائن نیلامیوں کے لیے آر ٹی اے کی حکمتِ عملی کامیاب رہی۔ حکام کا کہنا ہے کہ ’یہ نظام شفافیت، غیر جانب داری اور تمام شرکا کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے اصولوں پر مبنی ہے۔‘
منفرد نمبر پلیٹس حاصل کرنے میں دلچسپی رکھنے والے افراد نے نیلامی میں بھرپور حصہ لیا۔
Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
،تصویر کا ذریعہRTA
یہ نمبر پلیٹس صرف رجسٹریشن نمبر نہیں بلکہ ان کے مالکان کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہیں اور ان کی ذاتی پسند اور انفرادیت کی عکاسی بھی کرتی ہیں۔
دبئی میں ہونے والی 121ویں اوپن نیلامی میں گاڑیوں کی 60 منفرد نمبر پلیٹس فروخت کے لیے پیش کی گئیں۔ ان میں دو سے پانچ ہندسوں تک کے نمبر شامل تھے، جبکہ یہ پلیٹس مختلف کوڈزکے تحت نیلام کی گئیں۔
ان نمبر پلیٹس کی خاص بات یہ ہے کہ ان کے نمبر مختصر، منفرد اور یاد رکھنے میں آسان ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بعض خریدار انھیں حاصل کرنے کے لیے بہت زیادہ رقم ادا کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔
اماراتی اخبار دی نیشنل کے مطابق دبئی میں گاڑیوں کی خصوصی نمبر پلیٹس کی خرید و فروخت کے لیے ایک نیا آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرایا جا رہا ہے۔
’مزال‘ نامی ایپ کے ذریعے نمبر پلیٹ خریدنے والے شخص کی رقم اس وقت تک محفوظ رکھی جائے گی جب تک نمبر پلیٹ کی ملکیت نئے خریدار کو منتقل نہیں ہو جاتی۔
اس کا مقصد نمبر پلیٹس کی خرید و فروخت کو زیادہ محفوظ بنانا ہے کیونکہ اب تک یہ کاروبار زیادہ تر سوشل میڈیا، نجی ایجنٹوں اور روایتی طریقوں سے ہوتا رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ پلیٹ فارم آر ٹی اے کے ضوابط کے مطابق ایک محفوظ آن لائن مارکیٹ فراہم کرے گا، جہاں خریداروں کی تصدیق کی جائے گی۔ اس سے مہنگی نمبر پلیٹس کی خرید و فروخت پر اعتماد بڑھنے کی توقع ہے۔
دبئی میں نجی نمبر پلیٹس کی مارکیٹ تیزی سے بڑھ رہی ہے، خصوصاً ایک ہندسے اور منفرد نمبروں والی پلیٹس کی مانگ اور قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں۔
مزال ایپ کے مطابق گذشتہ تین برسوں میں دبئی میں ممتاز نمبر پلیٹس کی خرید و فروخت کا حجم 1.7 ارب درہم تک پہنچ چکا ہے۔
مزید دریافت کریں
مختصر ویڈیوز چھوڑ دیں اور جاری رکھیں
مختصر ویڈیوز
مختصر ویڈیوز کا اختتام
Source: BBC Urdu · BBC News اردو
At a glance
- Topic
- World
- Country
- 🇵🇰 PK
- Publisher language
- UR
- Added to Allnira