مبینہ چینی جاسوس سے تعلق پر مستعفی ہونے والے جینسن ہوانگ کی بحالی پر ٹرمپ کو تنقید کا سامنا
،تصویر کا ذریعہReuters
- مصنف, برنڈ ڈیبسمین جونیئر اور کالی ہیز
- عہدہ, بی بی سی نیوز
وقت اشاعت 24 منٹ قبل
مطالعے کا وقت: 6 منٹ
اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جینسن ہوانگ کو دو ہفتے قبل چینی انٹیلیجنس سے ایسے روابط رکھنے والی خاتون سے تعلقات کے الزامات پر کمپنی سے استعفی دینا پڑا تھا۔ تاہم اس فیصلے کے بعد کمپنی کے حصص کو دھچکہ پہنچا تو چند دن قبل انھوں نے واپسی کی پیشکش کی جسے کمپنی نے ٹھکرا دیا۔ لیکن اب انھیں بحال کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کمپنی پر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ہوانگ کو دوبارہ تعینات کرنے کے لیے دباؤ موجود تھا، اور پیر کے روز امریکی صدر نے خود کہا کہ انھوں نے ہی یہ ’معاہدہ کروایا‘ تاکہ ٹیکنالوجی کمپنی کے بورڈ کو اپنا فیصلہ بدلنے اور ہوانگ کو واپس لانے پر ’قائل‘ کیا جا سکے۔
تاہم ڈیموکریٹس نے ٹرمپ انتظامیہ پر ’مالی فائدے کے لیے قومی سلامتی کو قربان کرنے‘ کا الزام عائد کیا ہے۔ ہوانگ دسمبر کے اوائل میں کانگریس کے سامنے گواہی دینے والے ہیں۔
ان کی واپسی نے امریکی سٹاک مارکیٹ میں ایک ہفتے سے جاری گراوٹ کا سلسلہ ختم کرنے میں مدد دی۔ ہوانگ کے مستعفی ہونے کے بعد اینویڈیا کے حصص کی قیمت میں نمایاں کمی آئی تھی، لیکن پیر کو ان کی دوبارہ تقرری کے بعد شیئر 31 فیصد بڑھ گئے، جس سے کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں تقریباً ایک ٹریلین ڈالر کا اضافہ ہوا۔
بورڈ کے چیئرمین ہاروی سی جونز نے ایک بیان میں کہا کہ بورڈ کا ماننا ہے کہ جینسن اینویڈیا کی قیادت کے لیے درست شخص ہیں، اور ان کی بحالی ہمارے شیئر ہولڈرز، ملازمین، شراکت داروں اور صارفین کے بہترین مفاد میں ہے۔
بورڈ نے کہا کہ اسے امریکی حکومت کے اعلیٰ سطح سے رائے موصول ہوئی ہے اور اسے یقین ہے کہ ہوانگ کی بحالی سے قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوگا۔ گذشتہ منگل کو بورڈ نے واضح طور پر کہا تھا کہ انھیں بحال کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
،تصویر کا ذریعہAFP
ہوانگ نے 12 نومبر کو اینویڈیا سے استعفیٰ دیا تھا، جب ان کے ایک خاتون ایلس ہوانگ کے ساتھ تعلق کی خبریں سامنے آئی تھیں جن کے بارے میں الزام تھا کہ ان کے چینی انٹیلی جنس سے روابط تھے۔
پیر کو امریکی محکمہ تجارت نے اعلان کیا تھا کہ وہ میگا سپیڈ کو بلیک لسٹ کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ سنگاپور میں قائم اینویڈیا کا ایک صارف ادارہ ہے جہاں ایلس ہوانگ سی ای او تھیں۔
Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
تاہم پیر کو ہی سی این بی سی سے مختصر گفتگو میں ٹرمپ نے کہا کہ انھوں نے اینویڈیا کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے بات کی اور انھیں ہوانگ کو واپس لانے پر قائل کیا۔ ٹرمپ نے سی ای او کو بحال کرنے کے فیصلے پر اینویڈیا کے بورڈ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ’بہت ذمہ داری‘ کا مظاہرہ کیا۔
ٹرمپ نے کہا: ’انھوں نے قومی سلامتی کے خطرے کے بارے میں یقین دہانی مانگی تھی اور ہم نے انھیں یقین دہانیاں دیں، کم از کم اس بنیاد پر جو کچھ ہم جانتے ہیں۔ اور ہم بہت کچھ جانتے ہیں۔‘
صدر نے مزید کہا: ’لوگ کہتے ہیں، کیا ان کا موجود ہونا خطرہ ہے؟ نہیں، خطرہ تو ان کو کھو دینا ہے۔‘
صدر سے پوچھا گیا کہ کیا گذشتہ ہفتے ہوانگ کے استعفیٰ کے بعد اینویڈیا کے حصص میں ہونے والے نقصانات نے ان کے ذاتی مداخلت کے فیصلے پر اثر ڈالا۔ ٹرمپ نے جواب دیا: ’شاید۔‘
ٹرمپ نے جینسن ہوانگ کی واپسی کے لیے دباؤ کیوں ڈالا؟
انٹرنیشنل ایسوسی ایشن فار سیف اینڈ ایتھیکل اے آئی کے سربراہ نے بی بی سی کو بتایا کہ اینویڈیا کے بورڈ پر ہوانگ کو بحال کرنے کے لیے وائٹ ہاؤس کا ’بے پناہ دباؤ‘ رہا ہوگا۔
یو سی برکلے میں کمپیوٹر سائنس کے پروفیسر، پروفیسر سٹورٹ رسل نے کہا کہ اینویڈیا اور اسی نوعیت کی کمپنیوں کے حصص کی قیمت برسوں سے ’امریکی اقتصادی ترقی کو سہارا دینے‘ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انھوں نے کہا: ’میرا خیال ہے کہ وائٹ ہاؤس کو خدشہ تھا کہ اگر انھیں واپس نہ لایا گیا تو آئندہ چند ہفتوں میں مارکیٹ مزید نیچے جا سکتی تھی۔‘
تاہم چند امریکی قانون ساز، جن میں کچھ ریپبلکن بھی شامل ہیں، اس پیش رفت پر تنقید کر رہے ہیں۔
،تصویر کا ذریعہGetty Images
تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
نیبراسکا سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن رکن کانگریس ڈان بیکن نے کہا کہ اینویڈیا کو ہوانگ کے بغیر آگے بڑھ جانا چاہیے تھا اور انتظامیہ کی ہوانگ کو بچانے کی ناقابلِ فہم خواہش کو نظر انداز کرنا چاہیے تھا۔
آرکنساس سے تعلق رکھنے والے ریپبلکن سینیٹر ٹام کاٹن نے کانگریس کی جانب سے تحقیقات کا عزم ظاہر کیا۔
انھوں نے کہا: ’اینویڈیا اور میگا سپیڈ سے متعلق تنازع صرف اس لیے ختم نہیں ہو جاتا کہ جینسن ہوانگ کو ان کی ملازمت واپس مل گئی ہے۔‘
ڈیموکریٹس، جو جنوری سے کانگریس کے دونوں ایوانوں کا کنٹرول سنبھالیں گے، پہلے ہی اینویڈیا سے متعلق تحقیقات شروع کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں۔
سینیٹر الزبتھ وارن، جو سینیٹ بینکنگ کمیٹی کی چیئرپرسن بننے والی ہیں، نے ایک بیان میں اس بحالی کو ’غیر ذمہ دارانہ‘ قرار دیا۔
ایوان نمائندگان کی خارجہ امور کمیٹی کی رکن کانگریس خاتون سڈنی کاملیگر ڈوو نے بھی بی بی سی کو بیان دیتے ہوئے متعدد تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے اس اقدام کو ’قبل از وقت‘ قرار دیا۔
ایوان کی انٹیلی جنس کمیٹی کے رکن ڈیموکریٹ رکن کانگریس آندرے کارسن نے بی بی سی کو بتایا کہ ’کانگریس کو اس بات کا مکمل حساب چاہیے کہ آیا کسی کنٹرول شدہ ٹیکنالوجی کو چین منتقل کیا گیا تھا۔‘
،تصویر کا ذریعہGetty Images
ہوانگ ایک دسمبر کو ایوان نمائندگان کی تین کمیٹیوں کے سامنے بند کمرے کے اجلاس میں پیش ہونے والے ہیں۔
دو دن بعد ان سے سینیٹ بینکنگ کمیٹی کے سامنے گواہی دینے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔
ٹرمپ کی اینویڈیا میں ذاتی سرمایہ کاری
گذشتہ سال وائٹ ہاؤس میں واپسی کے بعد سے ٹرمپ نے اینویڈیا میں نمایاں سطح کی سرمایہ کاری کی ہے۔
بی بی سی کی جانب سے گذشتہ دو برسوں کے ان کے سرکاری مالی انکشافات کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ انھوں نے اینویڈیا کے 23 ملین سے 86 ملین ڈالر (18 ملین سے 66 ملین پاؤنڈ) مالیت کے حصص خریدے۔ انھوں نے مختلف سرمایہ کاری اکاؤنٹس کے ذریعے 85 الگ مواقع پر اینویڈیا کے حصص خریدے۔
ہوانگ کے استعفیٰ کے بعد اینویڈیا کے حصص کی قیمت میں حالیہ کمی نے ان سرمایہ کاریوں کی قدر کو متاثر کیا ہوگا۔
ٹرمپ نے صدارت میں واپسی کے بعد اینویڈیا میں اپنے کچھ حصص فروخت بھی کیے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق ٹرمپ نے 3.5 ملین سے 10.2 ملین ڈالر کے درمیان منافع حاصل کیا۔
بی بی سی نے وائٹ ہاؤس سے موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ تاہم اس سے قبل ٹرمپ اور وائٹ ہاؤس دونوں بارہا ان دعووں کو مسترد کرتے رہے ہیں کہ انھوں نے کسی قسم کا مالی فائدہ اٹھایا ہے۔
صدر کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ سے ’ہر کوئی‘ پیسہ کما رہا تھا اور وہ اپنی سرمایہ کاری سے متعلق خود فیصلے نہیں کرتے۔ وائٹ ہاؤس نے زور دیا ہے کہ ٹرمپ نے اپنے کاروبار ایک ایسے ٹرسٹ میں منتقل کر دیے ہیں جس کا انتظام ان کے بیٹے کرتے ہیں۔
برینڈن ڈرینن اور ریچل کلن کی اضافی رپورٹنگ کے ساتھ
Source: BBC Urdu · برنڈ ڈیبسمین جونیئر اور کالی ہیز
At a glance
- Topic
- World
- Country
- 🇵🇰 PK
- Publisher language
- UR
- Added to Allnira