بیوی کو نشہ آور ادویات دے کر اجنبیوں سے ریپ کروانے کے مقدمے میں شوہر سمیت چار افراد مجرم قرار

علامتی تصویر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, بیتھ کروڑ
    • عہدہ, ویسٹ آف انگلینڈ
  • وقت اشاعت 4 منٹ قبل

  • مطالعے کا وقت: 8 منٹ

انتباہ: اس خبر میں شامل تفصیلات کچھ قارئین کے لیے تکلیف دہ ہو سکتی ہیں۔

جب جوآن ینگ کی آنکھ کھلی تو وہ اپنے بستر سے بندھی ہوئی تھیں، لیکن انھیں اس ہولناک حقیقت کا کوئی علم نہیں تھا جو ان کی بے ہوشی کے دوران رونما ہوتی رہی تھی۔

اپنے اُس وقت کے شوہر فلپ ینگ کو کسی دوسرے شخص کو ’نیچے آ جاؤ‘ کہتے ہوئے سن کر انھیں جلد ہی اندازہ ہو گیا کہ ان کے بیڈروم میں کوئی اور بھی موجود ہے۔

جوآن کو معلوم نہیں تھا کہ ان کے شوہر فلپ نے ان کے ریپ کے لیے دیگر مردوں کو آن لائن مدعو کیا ہوا تھا۔ وہ انھیں نشہ آور دوا دیتا اور پھر مختلف اجنبی مردوں کو بیڈروم میں بلا کر ان سے ان پر جنسی حملے کرواتا تھا۔

یہ سلسلہ 13 برس تک جاری رہا۔

A head shot of a woman with dark brown hair wearing a navy top against a black background.

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنجمعرات کے روز چار مردوں کو متعدد جرائم میں مجرم قرار دیا گیا، جن میں جوآن کے ساتھ ریپ اور ان پر حملہ کرنا بھی شامل تھا۔

جمعرات کے روز چار مردوں کو متعدد جرائم میں مجرم قرار دیا گیا، جن میں جوآن کے ساتھ ریپ اور ان پر حملہ کرنا بھی شامل تھا۔ ان کے سابق شوہر اس سے قبل ہی ریپ کے متعدد الزامات میں قصوروار ہونے کا اعتراف کر چکے تھے۔

سابق کنزرویٹو کونسلر فلپ ینگ اور ایک دوسرے شخص ڈین ہیملٹن نے ایک پچھلی سماعت کے دوران ریپ اور جنسی حملے کے الزامات پر اعترافِ جرم کر لیا تھا۔

اس گروہ کے افراد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھتے تھے۔ ان میں سے ایک شخص وزارتِ دفاع کے جوہری دفاعی منصوبوں پر کام کرتا تھا، جبکہ ایک اور شخص 1980 کی دہائی میں ریڈ کراس کے ٹرک رومانیہ لے جایا کرتا تھا۔

Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

  • LIVE

  • تصویر

  • LIVE

  • Hindu dharam book

End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

جوآن کے کیس اور فرانس میں ژیزیل پیلیکو کے ساتھ بار بار ہونے والے ریپ کے معاملے میں نمایاں مشابہت پائی جاتی ہے اور ماہرین کے مطابق یہ جرم ’انتہائی سنگین نوعیت کے استحصال‘ پر مبنی تھا۔

،تصویر کا ذریعہSwindon Advertiser

،تصویر کا کیپشنسابق کونسلر فلپ ینگ نے خفیہ طور پر اپنی اہلیہ جوآن کے ساتھ جنسی تعلقات کے لیے آن لائن اشتہارات دیے

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

انٹرنیٹ پر آن لائن فلپ ینگ اس استحصال کو ایک مشترکہ جنسی رجحان، جسے ’ککلڈنگ‘ کہا جاتا ہے، کے طور پر پیش کرتا تھا۔ کریگزلسٹ اور گرائنڈر جیسی ویب سائٹس پر دیے گئے اشتہارات میں استعمال کی جانے والی تصاویر میں جوآن کو بے حس و حرکت حالت میں اور بستر سے بندھا ہوا دکھایا گیا تھا۔

کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) کے خصوصی پراسیکیوٹر جیمز فوسٹر کہتے ہیں کہ فلپ ینگ ’انھیں (سابق اہلیہ کو) نشہ آور دوا دیتا تھا تاکہ بعد میں ان کے ساتھ ریپ کیا جا سکے، اس کی ویڈیو ریکارڈ کی جا سکے اور دیگر مردوں کو بھی گھر پر بلا کر ان (سابق اہلیہ) کا ریپ کروایا جا سکے۔‘

اشتہار کا جواب دینے والوں میں 46 سالہ ڈین ہیملٹن بھی شامل تھے، جنھوں نے سنہ 2015 میں جوآن کا ریپ کرنے اور ان کا جنسی استحصال کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

جوآن پر جنسی حملوں کے الزام میں سزا پانے والے دیگر افراد میں 32 سالہ کونر سینڈرسن ڈوئل، 62 سالہ رچرڈ ولکنز، 48 سالہ نارمن میکسونی اور 38 سالہ محمد حسن شامل ہیں۔ محمد حسن وہی شخص تھے، جنھیں جوآن کے بیدار ہونے پرفلپ ینگ نے ’نیچے آ جاؤ‘ کہا تھا۔

انھوں نے عدالت کو بتایا کہ ان کا خیال تھا کہ انھیں جوآن اور فلپ ینگ دونوں کی رضامندی حاصل ہے اور انھیں یہ بتایا گیا تھا کہ جوآن سونے کا بہانہ کر رہی ہیں، جبکہ حقیقت میں انھیں بھاری مقدار میں سکون آور دوا دی گئی تھی۔

کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) کے پراسیکیوٹر جیمز فوسٹر کہتے ہیں ’تاہم اس سارے استحصال کے دوران ایک بار بھی ان میں سے کسی نے جوآن ینگ سے یہ نہیں پوچھا کہ وہ کیا چاہتی ہیں یا ان کی خواہشات کیا ہیں۔‘

،تصویر کا ذریعہWiltshire Police

،تصویر کا کیپشنعدالت میں پڑھے گئے ایک بیان میں اس مقدمے میں ملوث ایک شخص نے فلپ ینگ کو ’حیوان‘ قرار دیا

قانون کے مطابق جنسی رضامندی اسی وقت معتبر سمجھی جاتی ہے جب متعلقہ شخص ’اپنی مرضی سے رضامندی دے ... اور یہ فیصلہ کرنے کی آزادی اور صلاحیت رکھتا ہو۔‘

تفتیش کاروں کو یہ جانچنے کی ہدایت کی جاتی ہے کہ ’ملزم نے شکایت کنندہ کی رضامندی حاصل کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے تھے۔‘

،تصویر کا ذریعہWiltshire Police

،تصویر کا کیپشنمقدمے میں سزا پانے والے افراد

برسٹل یونیورسٹی کی ایمیریٹس پروفیسر ماریان ہیسٹر کہتی ہیں کہ جوآن کے پاس ’واضح طور پر‘ انکار کرنے کی صلاحیت موجود نہیں تھی، اور یہ کہ ’اگر کوئی خاتون سو رہی ہو تو وہ رضامندی نہیں دے سکتی۔‘

انھوں نے مزید کہا ’بالکل یہی بات اس صورت میں بھی لاگو ہوتی ہے جب کسی کو مکمل طور پر نشہ آور یا سکون آور ادویات کے اثر میں رکھا گیا ہو۔ ایسی حالت میں وہ جنسی تعلق کے لیے رضامندی دینے کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔‘

برسوں سے صنفی بنیاد پر تشدد پر تحقیق کرنے والی ہیسٹر کا کہنا تھا کہ اس نوعیت کے مقدمات خواتین اور جنسی تعلقات کے حوالے سے معاشرتی رویوں سے متعلق وسیع تر سوالات بھی اٹھاتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ’ہمیں ان مردوں کے رویوں پر سوال اٹھانا ہوگا، اس سوچ پر کہ وہ کیوں سمجھتے ہیں کہ اس طرح جنسی عمل کرنا قابلِ قبول ہے۔ ہم مسلسل ان انتہائی استحصالی اور زیادتی پر مبنی اعمال کو جنسی تعلقات کے دائرے میں معمول کا حصہ بناتے جا رہے ہیں اور یہی بات انتہائی تشویشناک ہے۔‘

ماریان ہیسٹر نے مزید کہا ’ہم جانتے ہیں کہ اب بعض ویب سائٹس کے حوالے سے تحقیقات شروع ہو چکی ہیں اور مختلف ممالک میں ایسے افراد کی نشاندہی کی گئی ہے جو بالکل اسی نوعیت کے کاموں میں ملوث رہے ہیں۔‘

’اس لیے میرا خیال ہے کہ اس نوعیت کے مزید کئی مقدمات سامنے آنے کا امکان ہے۔‘

،تصویر کا ذریعہManon Cruz/REUTERS

،تصویر کا کیپشنژیزیل پیلیکو فرانس کی تاریخ میں چلنے والے سب سے بڑے اجتماعی زیادتی کے مقدمے کا محور تھیں

اس مقدمے نے ان ویب سائٹس کے کردار سے متعلق سوالات کو بھی ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے جنھیں مبینہ طور پر استحصال کو ممکن بنانے کے لیے استعمال کیا گیا۔

پورٹسماؤتھ یونیورسٹی میں سائبر کرائم اور جینڈر کی پروفیسر لیزا سوگیورا کا کہنا ہے کہ آن لائن پلیٹ فارمز پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایسے مواد کے خلاف اقدامات کریں جو خواتین کے خلاف تشدد کو معمول کی بات بنا کر پیش کرتا ہے۔

انھوں نے کہا ’اکثر ان سائٹس پر خواتین کے خلاف تصویروں کے ذریعے استحصال اور ان کے بارے میں انتہائی پرتشدد زبان اور بیانیہ بھی موجود ہوتا ہے۔‘

’تب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر یہ فورمز نگرانی اور جوابدہی کے بغیر اس قدر آزادی کے ساتھ کام کیسے کرتے رہتے ہیں؟‘

’اور یہ سوال تو اس سے بھی پہلے آتا ہے کہ کیا ہمیں محض ایک مرد کے اس دعوے کو قبول کر لینا چاہیے کہ وہ اپنی اور اپنی بیوی، دونوں کی طرف سے رضامندی کا اظہار کر رہا ہے۔‘

،تصویر کا کیپشنپروفیسر ہیسٹر کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے مزید بہت سے مقدمات سامنے آنے کا امکان ہے

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ برطانیہ بھر میں اس نوعیت کے سینکڑوں ممکنہ جرائم کی تحقیقات اس وقت جاری ہیں۔

نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کا کہنا ہے کہ اس مسئلے سے ایک بین الاقوامی معاملے کے طور پر نمٹنے کی ’فوری ضرورت‘ ہے۔

این سی اے کے تفتیش کاروں نے ایک آن لائن فورم اور اس سے وابستہ بعد میں قائم ہونے والے گروہوں سے تعلق رکھنے والے 270 سے زائد افراد کی نشاندہی کی ہے۔

کراؤن پراسیکیوشن سروس (سی پی ایس) اس نوعیت کے جرائم کو تفتیش کاروں کے لیے ایک ابھرتا ہوا چیلنج قرار دیتی ہے۔

جیمز فوسٹر کہتے ہیں کہ ’جرائم کی یہ خاص نوعیت، جس میں ایک شوہر اپنی بیوی کو نشہ آور دوا دے کر اس کا استحصال کرتا ہے اور دوسرے مردوں کو بھی اس کا ریپ کرنے کے لیے بلاتا ہے، بظاہر ایک نئی قسم کا جرم معلوم ہوتی ہے۔‘

تاہم لیزا سوگیورا اس بات سے اتفاق نہیں کرتیں کہ خود یہ جرم ایک نئی چیز ہے۔

ان کا خیال ہے کہ ٹیکنالوجی نے ایسے استحصال کو ممکن بنانے اور چھپانے کو آسان بنا دیا ہے، جو شاید برسوں سے مختلف شکلوں میں موجود رہا ہو۔

انھوں نے کہا ’ٹیکنالوجی گمنامی برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہے، یہ ایک شخص کو اپنی شناخت کو الگ الگ خانوں میں بانٹنے کا موقع دیتی ہے، تاکہ ایک جانب حقیقی زندگی میں اپنی عزت دار اور قابلِ احترام شبیہ برقرار رکھی جا سکے اور دوسری جانب آن لائن ایسے گھناؤنے افعال انجام دیے جا سکیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کے جرائم میں ملوث افراد اکثر ایسی وسیع آن لائن برادریوں کا حصہ ہوتے ہیں، جہاں خواتین مخالف رویوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور استحصالی مواد کا تبادلہ ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا ’یہ واقعات ہمیشہ انفرادی نوعیت کے نہیں ہوتے۔‘

’یہ بڑے نیٹ ورکس کا حصہ بھی ہو سکتے ہیں، جہاں لوگ ایک دوسرے کو مشورے دیتے ہیں، حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور ایسا مواد شیئر کرتے ہیں جو خواتین کے خلاف شدید استحصال پر مبنی ہوتا ہے۔‘

انھوں نے مزید کہا ’میرے خیال میں اس نوعیت کے مزید بہت سے مقدمات سامنے آنے کا امکان ہے۔‘

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

Source: BBC Urdu · بیتھ کروڑ

At a glance

Topic
World
Country
🇵🇰 PK
Publisher language
UR
Added to Allnira