’باقی رافیل طیارے کہاں اور کس کے گیراج میں پارک ہیں‘: ’فلائٹ گلوبل‘ کی رپورٹ پر انڈیا میں نئی بحث

تصویر

،تصویر کا ذریعہNurPhoto via Getty Images

وقت اشاعت 56 منٹ قبل

مطالعے کا وقت: 7 منٹ

’باقی رافیل طیارے کہاں ہیں؟ کس کے گیراج میں پارک ہیں؟ً‘

یہ سوال کرنے والے انڈیا کے سینئر صحافی رویش کمار ہیں، جو انڈیا کے پاس موجود رافیل طیاروں کی تعداد پر سوال اُٹھا رہے ہیں۔

رافیل طیاروں کا نام آتے ہی پاکستان اور انڈیا کے درمیان گذشتہ برس ہونے والی چار روزہ لڑائی ذہن میں آتی ہے۔ پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس لڑائی میں انڈیا کے رافیل طیاروں سمیت کئی لڑاکا طیارے مار گرائے گئے تھے۔

لیکن اب یہ معاملہ ایک بار پھر زیرِ بحث ہے اور اس کی وجہ حال ہی میں ہوا بازی سے متعلق برطانوی جریدے ’فلائٹ گلوبل‘ کی رپورٹ ہے جس میں دُنیا کے مختلف ممالک کی فضائی قوت کے اعداد و شمار جاری کیے گئے ہیں۔

فلائٹ گلوبل ہوا بازی سے متعلق خبروں، تجزیوں، ڈیٹا اور تحقیق فراہم کرنے والا ایک بین الاقوامی ادارہ اور میڈیا پلیٹ فارم ہے۔

رپورٹ میں دنیا کی بڑی فوجی طاقتوں کے پاس دستیاب فضائی قوت بشمول جدید ترین لڑاکا طیاروں کی تفصیلات فراہم کی گئی ہے۔

’فلائٹ گلوبل‘ کی اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انڈیا کے پاس اس وقت 32 رافیل طیارے ہیں، حالانکہ انڈیا نے فرانس سے 36 رافیل طیارے خریدے تھے۔ یوں باقی چار طیاروں سے متعلق سوال پوچھے جا رہے ہیں۔

انڈین اخبار دی ہندو سمیت دیگر اخبارات نے بھی ’فلائٹ گلوبل‘ کی اس رپورٹ کا حوالہ دیا ہے۔

Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

  • تصویر

  • Pakistan

  • ایک دکاندار کے فریج میں لاہوری زیرہ برانڈ کے زیرہ ذائقے والے سافٹ ڈرنک کی دو بوتلوں کی تصویر۔

  • پولیس

End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

انڈین فضائیہ کی جانب سے اس رپورٹ پر تاحال کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا گیا، تاہم گذشتہ برس کی لڑائی کے دوران انڈین فضائیہ کے ایئرمارشل اے کے بھارتی نے طیارے گرانے کے پاکستانی دعوؤں سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’ہم ابھی حالتِ جنگ میں ہیں اور نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں۔۔۔‘ اس موقع پر انھوں نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ انڈیا نے پاکستان کے 'کچھ طیارے' گرائے ہیں، جن کی تعداد کا 'مجھے علم ہے مگر میں ابھی تعداد نہیں بتاؤں گا۔‘

اس معاملے پر انڈیا اور پاکستان میں کیا بات ہو رہی ہے، یہ آگے چل کر جانتے ہیں، لیکن پہلے یہ جان لیتے ہیں کہ اس رپورٹ کے مطابق انڈیا اور پاکستان دُنیا کے مختلف ممالک کے فضائی بیڑے میں کتنے جہاز شامل ہیں۔

دنیا کی بڑی فضائی طاقتیں

فلائٹ گلوبل کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ فوجی فضائی اثاثے امریکہ کے پاس ہیں جن کی کل تعداد 12 ہزار 647 ہیں جو کہ عالمی فوجی فضائی اثاثوں کا کل 24 فیصد بنتے ہیں۔ امریکی اثاثوں کی تعداد اس کے قریبی حریف سے تقریباً تین گنا ہیں۔

فہرست میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر روس اور چین ہیں جن کے پاس موجود فضائی اثاثے (جنگی جہاز، ہیلی کاپٹرز اور ٹرانپسورٹ طیاروں) کی تعداد بالترتیب چار ہزار 186 اور چار ہزار 179 ہے۔

فلائٹ گلوبل کی رپورٹ کے مطابق فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود انڈیا کے پاس دو ہزار 158 جنگی جہاز، ہیلی کاپٹر اور ٹرانسپورٹ طیارے ہیں۔

2027 ورلڈ ایئر فورس ڈائریکٹری کے مطابق پاکستان کے پاس 1400 سے زائد فعال فوجی فضائی اثاثے ہیں۔

فلائٹ گلوبل کی رپورٹ

،تصویر کا ذریعہflightglobal

دنیا کی بڑی طاقتوں کے پاس موجود لڑاکا طیارے

فلائٹ گلوبل کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ فوجی لڑاکا طیارے امریکہ کے پاس ہیں جن کی کل تعداد دو ہزار 715 ہیں جو کہ دنیا بھر میں موجود فعال لڑاکا طیاروں کا کل 19 فیصد بنتے ہیں۔ چین دو ہزار 470 فعال طیاروں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ روس کے پاس 1500 سے زائد فعال لڑاکا طیارے موجود ہیں۔

اس فہرست میں انڈیا 588 فعال طیاروں کے ساتھ چوتھے نمبر پر جبکہ شمالی کوریا اور پاکستان پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر ہیں جن کے فعال لڑاکا طیاروں کی تعداد بالترتیب 455 اور 425 ہیں۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنرپورٹ کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے پاس 20 جدید چینی سختہ جی 10 سی طیارے ہیں۔

پاکستان کے پاس کتنے لڑاکا طیارے ہیں؟

فلائٹ گلوبل کی جانب سے جاری 2027 ورلڈ ایئر فورسز ڈائریکٹری کے مطابق پاکستان کے پاس کل 425 فعال لڑاکا طیارے موجود ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس وقت پاکستان فضائیہ کے زیرِ استعمال امریکی ساختہ 72 ایف-7 اور 44 ایف-16 ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستان ایئر فورس کے پاس 20 جدید چینی ساختہ جے 10 سی طیارے ہیں جبکہ پاکستان اور چین کے اشتراک سے بنائے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی تعداد 131 ہے۔ رپورٹ کے مطابق 27 جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا آرڈر دیا ہوا ہے۔

پاکستان فضائیہ کے پاس مختلف نوعیت کے 158 میراج طیارے بھی موجود ہیں۔

انڈیا کے فعال رافیل طیاروں کی تعداد پر بحث

فلائٹ گلوبل نے اپنی رپورٹ میں انڈیا کے فضائی اثاثوں کے متعلق بتایا ہے کہ اس وقت انڈیا کے پاس کل فعال لڑاکا طیاروں کی تعداد 588 ہے۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انڈین فضائی کے پاس اس وقت 32 فعال رافیل طیارے موجود ہیں جبکہ اس نے 114 طیاروں کا آرڈر دے رکھا ہے۔

یہ تعداد اس حوالے سے اہم ہے کہ انڈیا نے ایک معاہدے کے تحت 36 فرانسیسی ساختہ رافیل طیارے خریدے تھے اور اب فائٹ گلوبل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں 32 فعال ہیں۔

گذشتہ برس انڈیا اور پاکستان کے مئی میں ہونے والی فوجی جھڑپوں کے بعد پاکستان نے انڈیا کے متعدد طیارے بشمول رافیل مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنفلائٹ گلوبل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ انڈین فضائی کے پاس اس وقت 32 فعال رافیل طیارے موجود ہیں۔

بعد ازاں انڈیا کی جانب سے اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ پاکستان کے ساتھ ہونے والی لڑائی میں اس کی فضائی کا نقصان تو ہوا ہے لیکن اس کی مکمل تفصیلات نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی یہ بتایا گیا کہ آیا اس میں کوئی رافیل طیارہ بھی شامل ہے یا نہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، جو کہ اس لڑائی کو روکنے کا سہرا باندھتے ہیں، بھی اس حوالے سے متضاد دعوے کرتے آئے ہیں۔

گذشتہ ماہ انھوں نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ انڈیا اور پاکستان کی لڑائی میں 11 طیارے تباہ ہوئے تھے۔

اب فلائٹ گلوبل کی رپورٹ کے بعد ایک بار پھر انڈیا کے رافیل طیاروں کے حوالے سے ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔

خیال رہے کہ فلائٹ گلوبل نے اپنی رپورٹ میں اس بات کا ذکر نہیں کیا کہ آیا انڈیا کے باقی ماندہ رافیل طیارے کہاں ہیں یا وہ کیوں غیر فعال ہیں یا ان میں سے کسی کو کوئی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔

،تصویر کا ذریعہNurPhoto via Getty Images

،تصویر کا کیپشنانڈین رافیل طیارہ۔

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

رپورٹ کے شائع ہونے کے بعد سے ایکس پر صارفین انڈین رافیل طیاروں کی تعداد کے حوالے سے سوال کرتے نظر آ رہے ہیں۔

مرلی دھرن گوپال نامی صارف لکھتے ہیں کہ ورلڈ ایئر فورس ڈائریکٹری کے مطابق انڈین فضائیہ کے زیرِ استعمال فعال رفال طیاروں کی تعداد 32 ہے جبکہ انڈیا نے 36 رفال طیارے خریدے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے مئی 2025 میں چار رفال طیارے مار گرائے تھے۔

’یہ کوئی حتمی ثبوت نہیں، لیکن چار طیاروں کا یہ غیر واضح فرق سوالات کو جنم دیتا ہے اور اس کی وضاحت درکار ہے۔‘

انڈین صحافی اور ٹائمز آف انڈیا کے سابق ڈیفنس ایڈیٹر رجت پنڈت لکھتے ہیں کہ آپریشن سندور کے دوران مبینہ طور پر تباہ ہونے والے رفال طیاروں سے متعلق نئی بحث ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتی ہے کہ اگرچہ انڈیا نے دوسرے ملک کے اندر تک حملہ کرنے کی اپنی فوجی تیاری اور صلاحیت، اور ساتھ ہی تزویراتی ضبط و تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن عالمی سطح پر بیانیے کی جنگ میں وہ بڑی حد تک پاکستان سے پیچھے رہ گیا۔

،تصویر کا ذریعہx/IamRajat_Pandit

کچھ صارفین فلائٹ گلوبل کی رپورٹ کی درستگی اور اعداد و شمار کے لیے استعمال کیے جانے والے ذرائع کے حوالے سے سوال اٹھا رہے ہیں۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ ’انہی ذرائع نے ایسے طیاروں کے مخصوص ٹیل نمبر بھی بتائے تھے جو بعد میں مختلف فوجی مشقوں، جن میں بین الاقوامی مشقیں بھی شامل ہیں، میں پرواز کرتے دکھائی دیے۔ انہی ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ سکواڈرن لیڈر شیوانگی سنگھ جنگی قیدی بنا لی گئی تھیں۔ اب سب جانتے ہیں کہ اس دعوے کا کیا انجام ہوا۔‘

منوج راوت نامی صارف لکھتے ہیں کہ فالئٹ گلوبل کی ڈائریکٹری میں رافیل طیاروں کی کمی کے حوالے سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی اور انڈین حکام کا کہنا ہے کہ یہ اعداد و شمار انھوں نے فراہم نہیں کیے۔

’جب تک اس ذریعے کی نشاندہی اور اس کی تصدیق نہیں ہو جاتی، یہ تعداد ایک غیر مصدقہ بیرونی دعویٰ ہی رہے گی، جس کا غالب امکان ہے کہ اس کی بنیاد پاکستانی ذرائع یا اُن سے منسلک دعووں پر ہو۔‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

Source: BBC Urdu · BBC News اردو

At a glance

Topic
World
Country
🇵🇰 PK
Publisher language
UR
Added to Allnira