’پورا پاکستان کاسٹ کر لیا‘: نیٹ فلکس پر ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کا چرچا اور سوال

نیٹ فلکس کی آنے والی پاکستانی ڈرامہ سیریز ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے پروموشنل پوسٹر میں مرکزی کرداروں کو دکھایا گیا ہے۔ سیریز چار دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

،تصویر کا ذریعہx.com/NetflixMENA

،تصویر کا کیپشن’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کے ایک تشہیری پوسٹر میں سیریز کے مرکزی کردار

وقت اشاعت 41 منٹ قبل

مطالعے کا وقت: 6 منٹ

آن لائن ویڈیو سٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر پاکستان کا پہلا ڈرامہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ چار دسمبر کو ناظرین کے لیے دستیاب ہو گا۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ کتنی اقساط پر مبنی ہو گا۔

نیٹ فلکس کے مڈل ایسٹ اینڈ نارتھ افریقہ (مینا) کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس کا پوسٹر جاری کیا گیا ہے، جس میں سیریز کی مرکزی کاسٹ کو قدیم طرز کے سنہری فریموں میں دکھایا گیا ہے۔

ڈرامے کے نمایاں اداکاروں میں ماہرہ خان، فواد خان، احد رضا میر، اقرا عزیز اور ہانیہ عامر سمیت دیگر فنکار شامل ہیں۔

پاکستانی ٹیلی وژن چینل ہم ٹی وی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس کا پوسٹر جاری کرتے ہوئے لکھا کہ یہ سیریز ’تین نسلوں پر محیط محبت کی چھ کہانیاں بیان کرتی ہے۔‘

اس ڈرامہ سیریز کی مصنفہ فرحت اشتیاق ہیں، جن کا اسی نام سے ایک ناول بھی شائع ہو چکا ہے۔ اس بنیاد پر اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ سیریز کی کہانی ناول سے اخذ کی گئی ہے۔ تاہم اب تک ہم ٹی وی یا نیٹ فلکس کی جانب سے اس ڈرامے کی کہانی پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

فلموں اور ڈراموں سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے مطابق سیریز کی کہانی سکندر شہریار اور لیزا کے گرد گھومتی ہے۔

آئی ایم ڈی بی کے مطابق سکندر ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہے جس کی زندگی ایک ایسے واقعے کے بعد بدل جاتی ہے جو اسے دوسروں سے دور رہنے پر مجبور کر دیتا ہے، جبکہ لیزا ایک با صلاحیت فنکارہ ہے جس کا ماضی کئی مشکلات سے بھرا ہوا ہے۔

نیٹ فلکس کے جاری کردہ پوسٹر میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی مرکزی کاسٹ کو قدیم طرز کے سنہری فریموں میں دکھایا گیا ہے

،تصویر کا ذریعہx.com/NetflixMENA

،تصویر کا کیپشننیٹ فلکس کے جاری کردہ پوسٹر میں ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی مرکزی کاسٹ کو قدیم طرز کے سنہری فریموں میں دکھایا گیا ہے

اس سیریز کی ہدایت کاری اور پروڈکشن مومنہ درید نے کی ہے۔

Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

  • Anwar Ibrahim Asim Munir

  • چنگیز خان

  • Punjab Police

  • پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی

End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

ریلیز کی تاریخ سامنے آنے کے بعد سیریز کے فنکار بھی سوشل میڈیا پر اپنے اپنے کرداروں کے بارے میں تاثرات اور یادیں شیئر کر رہے ہیں۔

ڈرامے کی مرکزی اداکارہ اقرا عزیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے کردار ’لیزا‘ کے بارے میں جذباتی پیغام شیئر کیا۔

انسٹاگرام پر جاری پوسٹ میں انھوں نے لکھا کہ لیزا کا کردار ادا کرنا ایسا تھا جیسے ’ایک نئی دھڑکن کو محسوس کرنا‘، جس نے محبت، رشتوں اور زندگی کو دیکھنے کا ان کا انداز بدل دیا۔

اقرا عزیز کے مطابق یہ کردار ان کی شخصیت کے خاموش پہلوؤں کا حصہ بن گیا اور انھیں یہ سمجھایا کہ محبت ٹکڑوں اور ان احساسات میں بھی زندہ رہ سکتی ہے جنھیں ’الفاظ میں بیان کرنا آسان نہیں ہوتا۔‘

دوسری جانب سکندر کا کردار ادا کرنے والے احد رضا میر نے انسٹاگرام پر فقط یہ لکھا: ’پیارے سکندر، شکریہ۔‘

سیریز کے پوسٹر کی رونمائی کے بعد اداکار فواد خان نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے کردار کی جھلک شیئر کی۔

انسٹاگرام پر ایک پوسٹ میں فواد خان نے اپنے کردار ’محمود‘ کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا: ’اب وقت آ گیا ہے کہ تمھیں رخصت کر دوں۔‘

’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کی تشہیری مہم کے سلسلے میں اداکارہ ماہرہ خان نے بھی اپنے کردار ’راحت‘ کے نام ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔

انسٹاگرام پوسٹ میں ماہرہ خان نے لکھا کہ راحت ایسے وقت میں ان کی زندگی میں آئی جب انھیں خود اندازہ نہیں تھا کہ اس کردار سے جڑنا ان کے لیے کتنا ضروری تھا۔

انھوں نے کہا کہ راحت کے کردار کو نبھاتے ہوئے انھیں اس کی پیچیدگیوں، درد، الجھن اور محبت کو قریب سے محسوس کرنے کا موقع ملا۔

ماہرہ خان نے اپنے پیغام کے اختتام پر معروف شاعر فیض احمد فیض کے اشعار بھی درج کیے:

’اور بھی دکھ ہیں زمانے میں محبت کے سوا

راحتیں اور بھی ہیں وصل کی راحت کے سوا‘

،تصویر کا ذریعہInstagram/Mahira Khan

،تصویر کا کیپشناداکارہ ماہرہ خان نے ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ میں اپنے کردار ’راحت‘ کی یہ جھلک سوشل میڈیا پر شیئر کی

’پورا پاکستان ہی کاسٹ کر لیا‘

فنکاروں کی پوسٹس کے ساتھ ساتھ شائقین بھی سوشل میڈیا پر اس منصوبے کے بارے میں بھرپور ردعمل دے رہے ہیں۔

بعض صارفین نے اسے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے لیے ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اگر یہ سیریز کامیاب رہی تو نیٹ فلکس پر مزید پاکستانی کہانیوں کے لیے راستہ ہموار ہو گا۔

زین نامی صارف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ یہ منصوبہ کامیاب ہوا تو نیٹ فلکس پاکستانی مواد کو زیادہ سنجیدگی سے لینا شروع کرے گا، جبکہ ایک اور صارف شاہ میر نے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا: ’نیٹ فلکس نے ایک ہی سیریز کی اجازت دی تھی مگر اس میں پورا پاکستان کاسٹ کر لیا گیا۔‘

تاہم سیریز کے حوالے سے سوالات بھی زیرِ بحث ہیں۔ سوشل میڈیا پر یہ بحث جاری ہے کہ سیریز نیٹ فلکس انڈیا کے بجائے مینا پلیٹ فارم پر کیوں پیش کی جا رہی ہے۔ اس بارے میں سوشل میڈیا پر چند دعوے ہو رہے ہیں جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

اس دوران انڈین فلمی کارکنوں کی تنظیم آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن (اے آئی سی ڈبلیو اے) کا انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کے نام ایک خط بھی سامنے آیا ہے۔

ایکس پر جاری کیے گئے اس خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ کو انڈیا میں نشر یا سٹریم کرنے کی اجازت نہ دی جائے اور پاکستانی مواد پر مستقل پابندی عائد کی جائے۔

تنظیم نے اپنے مؤقف کے حق میں انڈیا میں ہونے والے مختلف دہشت گرد حملوں اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا حوالہ دیا ہے۔

تنظیم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد اس نے انڈین فلمی صنعت میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

یاد رہے کہ فروری 2019 میں انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہونے والے خودکش حملے میں 40 سے زیادہ انڈین فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ اور اس حملے کے نتیجے میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھی تھی۔

آل انڈیا سِنے ورکرز ایسوسی ایشن کے خط میں نیٹ فلکس انڈیا اور دیگر او ٹی ٹی پلیٹ فارمز سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانی سیریز، فلمیں اور دیگر تفریحی مواد انڈین ناظرین کے لیے فراہم نہ کریں۔

’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں

Source: BBC Urdu · BBC News اردو

At a glance

Topic
World
Country
🇵🇰 PK
Publisher language
UR
Added to Allnira