mcdonald

    • مصنف, نور نانجی اور زوئی کونوے
    • عہدہ, بی بی سی نیوز
  • وقت اشاعت 5 منٹ قبل

  • مطالعے کا وقت: 5 منٹ

ایک سابق میکڈونلڈز ملازمہ، جن کا کہنا ہے کہ جب گاہک ان کے ساتھ جنسی نوعیت کا برتاؤ کر رہے تھے تو ایک منیجر انھیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا، نے کمپنی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کم عمر ملازمین کے ساتھ اپنے برتاؤ کا طریقہ تبدیل کرے۔

ہوپ، جو 2023 میں ویسٹ مڈلینڈز میں ایک برانچ پر کام کرتی تھیں، نے بی بی سی نیوز کو یہ بھی بتایا کہ انھوں نے اپنے سے عمر میں بڑے ساتھی ملازمین کو 16 اور 17 سالہ کارکنوں کو گھورتے اور یہ بات کرتے دیکھا کہ جب وہ 18 برس کے ہو جائیں تو وہ ان کے ساتھ جنسی تعلقات قائم کرنا چاہیں گے۔

ہوپ ان سینکڑوں کارکنوں میں شامل ہیں جو میکڈونلڈز کے خلاف امتیازی سلوک کے دعوے دائر کر رہے ہیں۔

اس ہفتے ایک جج نے میکڈونلڈز کی اس کوشش کے خلاف فیصلہ دیا کہ ان دعووں کو خارج کر دیا جائے، جس کا ہوپ نے خیرمقدم کیا۔

میکڈونلڈز نے کہا ’اپنے ریستورانوں اور دفاتر میں محفوظ، باوقار اور شمولیت پر مبنی کام کے ماحول کو یقینی بنانا ہماری بنیادی ترجیح ہے۔‘

یہ تازہ پیش رفت 2023 میں بی بی سی کی ایک تحقیق کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں معلوم ہوا تھا کہ بعض کارکن، جن میں کچھ کی عمر 17 سال تک تھی، نامناسب جسمانی چھیڑ چھاڑ اور ہراسانی کا نشانہ بن رہے تھے۔

گزشتہ سال میکڈونلڈز کے عملے نے ہمیں بتایا تھا کہ انھیں اب بھی جنسی استحصال اور ہراسانی کا سامنا ہے۔

women

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ہوپ، جن کی عمر اب 22 سال ہے، کہتی ہیں کہ ان کی میکڈونلڈز برانچ میں ماحول بہت زیادہ جنسی نوعیت کا اور ’زہریلا‘ تھا۔

Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

  • بلاول بھٹو

  • A treated image of Putin

  • BBC

  • Rockstar

End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

انھوں نے ایک موقع کا ذکر کیا جب ایک منیجر ان کے پیچھے آیا اور اس نے اپنے ہاتھ ان کے کندھوں پر رکھ دیے۔

وہ کہتی ہیں کہ اس کے بعد جب بھی وہ منیجر ان کی طرف آتا دکھائی دیتا، تو وہ اس سے دور ہونے کے لیے ’فوراً ہٹ جاتیں۔‘

وہ کہتی ہیں: ’میں وہاں سے فوراً نکل گئی تھی۔‘

ایک اور موقع پر، ان کا کہنا ہے کہ ایک منیجر انھیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا جب دو گاہک رات کی شفٹ کے دوران ان کے ساتھ جنسی نوعیت کا اور توہین آمیز برتاؤ کر رہے تھے۔

ہوپ کا کہنا ہے کہ انہوں نے منیجر کو بتایا کہ کیا ہو رہا ہے، لیکن اس نے ان سے کہا کہ ’اسے برداشت کرو۔‘

تاہم ان کی سب سے بڑی تشویش کم عمر نوجوان تھے، جن کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ ان کا خیال نہیں رکھا جا رہا تھا۔

وہ کہتی ہیں: ’آپ محسوس کر سکتے تھے کہ عملے کے کچھ دوسرے ارکان ان کے 18ویں سالگرہ کا انتظار کر رہے تھے۔ ایسا زہریلا کلچر تھا جس میں سوچ یہ تھی کہ ’اب تو یہ غیر قانونی نہیں رہا۔ ان میں سے کافی لوگوں سے یہی احساس ملتا تھا۔‘

’اور آپ ایسا کیوں کریں گے؟ وہ تو ابھی بھی ایک بچہ ہے۔‘

قانونی کارروائی

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

موجودہ اور سابق میکڈونلڈز ملازمین کی بڑی تعداد کمپنی کے خلاف امتیازی سلوک کا دعویٰ دائر کر رہی ہے۔

فاسٹ فوڈ چین نے ان شکایات کو مسترد کروانے کی کوشش کی تھی، لیکن اس ہفتے لندن سینٹرل ایمپلائمنٹ ٹربیونل میں جج گلینی نے فیصلہ دیا کہ 450 مقدمات آگے بڑھ سکتے ہیں اور اب توقع ہے کہ ان کی سماعت اپریل میں ایمپلائمنٹ ٹربیونل میں ہوگی۔

بی بی سی کو معلوم ہوا ہے کہ یہ مقدمات بالواسطہ امتیازی سلوک سے متعلق ہیں، نہ کہ جنسی ہراسانی سے۔

ہوپ نے ہمیں بتایا کہ وہ اس قانونی کارروائی میں پیسے کے لیے شریک نہیں ہوئیں کیونکہ انھیں معلوم نہیں کہ انھیں کچھ ملے گا بھی یا نہیں۔

اس کے بجائے، ان کا کہنا تھا کہ مقصد ’کم عمر ملازمین کے ساتھ برتاؤ کا طریقہ بدلنا‘ ہے۔

’یہ الزامات سے نمٹنے کا ان کا طریقہ بدل دے گا۔ یہ پورے داخلی نظام کو ہلا دے گا اور ان بچوں کی زندگی آسان بنائے گا جو اب اپنی پہلی ملازمتیں کر رہے ہیں۔ اور میرا خیال ہے کہ یہ اسے بہت زیادہ محفوظ بھی بنائے گا۔ اور یہ ایسی چیز ہے جس کی قیمت نہیں لگائی جا سکتی، یعنی آج کے نوجوانوں کی حفاظت۔‘

انھوں نے میکڈونلڈز پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ وہ دعووں کو خارج کروانے کی کوشش کر کے ’ناگزیر عمل میں تاخیر‘ کرنا چاہتا تھا۔

’اور جج نے بالکل درست طور پر ان کی طرف دیکھا اور کہا: ’نہیں، ہم ایسا نہیں کریں گے۔‘

یہ دعوے قانونی فرم لی ڈے نے پیش کیے، جو موجودہ اور سابق ملازمین کی نمائندگی کر رہی ہے۔

یہ دعوے کام کی جگہ پر کم عمر یا خواتین کارکنوں کی کمزوری پر توجہ مرکوز کرتے ہیں اور برطانیہ میں میکڈونلڈز کے ریستورانوں میں وسیع پیمانے پر ہراسانی اور امتیازی سلوک کے الزامات کے بعد سامنے آئے ہیں۔

لی ڈے کی پارٹنر کیرن ڈورکا نے بی بی سی کو بتایا کہ ہم بہت خوش ہیں کہ جج نے قرار دیا ہے کہ یہ دعوے مکمل سماعت کے لیے آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انصاف تک رسائی کے لیے یہ بہت اہم ہے کہ ان مقدمات کی سماعت ہو۔

میکڈونلڈز کے ایک ترجمان نے کہا کہ وہ جاری قانونی کارروائی کی تفصیلات پر تبصرہ نہیں کر سکتے۔

ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ کمپنی نے اپنے عملے کے لیے اپنی ’غیر متزلزل وابستگی‘ کے تحت ’وسیع، مضبوط اور دور رس اقدامات‘ نافذ کیے ہیں، اور یہ کام جاری ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ’ہراسانی، امتیازی سلوک یا کسی بھی قسم کا نامناسب رویہ ناقابل قبول ہے اور ہمارے ریستورانوں یا دفاتر میں اس کی کوئی جگہ نہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ بیرونی ماہرین کی رہنمائی اور شراکت داری کے ساتھ، ہم اور ہمارے فرنچائز ہولڈرز حفاظتی اقدامات کے حوالے سے صنعت میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔‘

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

Source: BBC Urdu · نور نانجی اور زوئی کونوے

At a glance

Topic
World
Country
🇵🇰 PK
Publisher language
UR
Added to Allnira