- مصنف, نوجوت کور
- عہدہ, بی بی سی پنجابی
وقت اشاعت 16 منٹ قبل
مطالعے کا وقت: 4 منٹ
پیشے کے اعتبار سے ٹرک ڈرائیور بلجندر سنگھ انڈیا کے شہر موہالی کے قریب واقع چھوٹے سے گاؤں ہمایوں پور کے رہائشی ہیں اور وہ گذشتہ 15 برس سے مختلف تہواروں کے موقع پر لاٹری کے ٹکٹ خریدا کرتے تھے۔
ان کے گھر میں اس وقت جشن کا ماحول ہے اور خاندان بھر میں مٹھائیاں بانٹی جا رہی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ماہانہ چند ہزار روپے کمانے والے بلجندر سنگھ کے اوپر بالآخر قسمت کی دیوی مہربانی ہو گئی ہے اور ان کی 12 کروڑ روپے کی لاٹری نکل آئی ہے۔
تہواروں پر لاٹری ٹکٹ کی خریداری
دو بچوں کے بات بلجندر سنگھ نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ تہواروں کے موقع پر اکثر لاٹری کے ٹکٹ خرید لیا کرتے تھے۔
’دیوالی یا لوہڑی کے تہوار کے موقع پر جب بھی لاٹری کی ٹکٹ جاری ہوتی تھی، میں خرید لیا کرتا تھا مگر گھر میں کسی کو بھی یہ نہیں پتہ تھا۔‘
بلجندر سنگھ نے مزید بتایا کہ ’میں جب ٹکٹ لے کر آتا تھا تو اپنے دستاویزات کے ساتھ لا کر رکھ دیا کرتا تھا۔ بس یہی سوچتا تھا کہ کبھی نہ کبھی خدا میری بات سن لے گا اور کوئی چھوٹا موٹا انعام نکل آئے گا۔‘
پھر ایک دن ایسا بھی آیا جب 15 برسوں میں پہلی بار قسمت کی دیوی ان پر مہربان ہوئی۔ یہ اس دکاندار کی کال تھی، جس سے بلجندر سنگھ نے لاٹری کا ٹکٹ خریدا تھا۔
بلجندر سنگھ کو دکاندار نے کال کر کے بتایا کہ ان کا انعام نکل آیا ہے، لیکن یہ نہیں بتایا کہ انعامی رقم ہے کتنی بڑی۔
ہمایوں پور سے تعلق رکھنے والے ٹرک ڈرائیور کہتے ہیں کہ ’میرے پاس کال آئی تو سب سے پہلے میں نے اپنی بیٹی کے پاؤں چھوئے اور پھر وہاں گیا۔‘
Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
جب ان سے پوچھا گیا کہ انھوں نے اپنی بیٹی کے پاؤں کیوں چھوئے، تو ان کا کہنا تھا کہ ’تاکہ خدا میری بات سن لے اور انعام نکل آئے۔‘
لاٹری کی دکان پر کیا ہوا؟
وشال گرگ لاٹری کی ٹکٹ بیچتے ہیں۔ انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ بلجندر سنگھ گذشتہ 10، 12 برسوں سے مستقل ان کی دکان سے لاٹری کی ٹکٹس خرید رہے ہیں۔
’جب وہ سامان لینے آتے اور ہمارے پاس کوئی لاٹری ٹکٹ دستیاب ہوتا تھا تو وہ خرید لیتے تھے۔‘
وشال کے مطابق انھوں نے بلجندر سنگھ کو بتایا کہ ان کی لاٹری نکل آئی ہے مگر ’یہ نہیں بتایا کہ انعام کتنا نکلا ہے، کیونکہ ہمیں لگا کہ کہیں وہ گھبرا ہی نہ جائیں۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’جب وہ ٹکٹ لے کر آئے تو ہم نے انھیں بٹھایا ار بتایا کہ ان کی چھوٹی رقم نکلی ہے۔ یہ اس لیے کیا تاکہ وہ آرام سے بیٹھ جائیں۔‘
’ان کو پانی پلایا، بٹھایا اور پھر آرام سے پوچھا اگر آپ کی لاٹری سے بڑی رقم نکل آئے تو کیا ہوگا؟‘
وشال گرگ کہتے ہیں کہ جب بلجندر سنگھ کو بتایا کہ ان کی لاٹری سے 12 کروڑ روپے کی رقم نکلی ہے تو ’وہ ایک دم شاک میں آگئے۔‘
’وہ بہت خوش تھے، کہہ رہے تھے کہ ہم تو ساری رات سوئیں گے نہیں، بلکہ ٹکٹ کو تکیے کے نیچے رکھ کر سوئیں گے۔‘
’بدلوں گا نہیں‘
اتنی بڑی انعامی رقم جیتنے کے بعد بھی بلجندر سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ محنت جاری رکھیں گے۔
انھوں نے بی بی سی کو بتایا کہ ’میری شروع سے جو عادت یا فطرت ہے وہ بدلے گی نہیں۔‘
’میں تو نہیں بدلوں گا، باقی اگر بچے یا خاندان والے بدل جائیں تو میں ان کے بارے میں کچھ ہیں کہہ سکتا۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’میں محنت جاری رکھوں گا، عام زندگی گزارتا رہوں گا اور ڈرائیونگ ہی کرتا رہوں گا۔‘
ایسے ہی جذبات بلجندر سنگھ کے 70 سالہ والد کے بھی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’جیسے پہلے رہتے تھے، ہم ویسے ہی رہتے رہیں گے۔ ہم نے بہت مشکل وقت کاٹا ہے محنت مشقت کر کے۔‘
’اب میری عمر 70 برس ہو گئی ہے، اب خود کو کیسے بدلیں گے؟‘
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔
Source: BBC Urdu · نوجوت کور
At a glance
- Topic
- World
- Country
- 🇵🇰 PK
- Publisher language
- UR
- Added to Allnira