سوات میں چلتی موٹر سائیکل پر ایک ہاتھ سے وائرل کیچ: ’میں دفتر سے گھر جا رہا تھا‘
وقت اشاعت 2 منٹ قبل
مطالعے کا وقت: 7 منٹ
’میں نے موٹر سائیکل چلانے والے اپنے ساتھی سے کہا کہ سر نیچے کریں، میں کیچ پکڑتا ہوں۔‘
یہ الفاظ سوات کے رہائشی مہران کے ہیں، جنھوں نے منگورہ میں سوات پریمیئر لیگ (ایس پی ایل) کے ایک میچ کے دوران چلتی موٹر سائیکل پر بیٹھے بیٹھے ایک کیچ پکڑ کر نہ صرف پاکستان بلکہ دُنیا بھر کے ہی کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا۔
مہران کے اس کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گراؤنڈ سے باہر جانے والی گیند ایک چلتی موٹر سائیکل پر سوار مہران کی جانب آتی ہے اور وہ اسے ایک ہاتھ سے پکڑ لیتے ہیں۔
یہ میچ سوات سٹرائیکرز اور جی کے آر دیر کے درمیان کھیلا جا رہا تھا۔ سوات سٹرائیکرز نے یہ میچ 34 رنز سے جیتا، لیکن میچ کے دوران پکڑا گیا یہ کیچ سوشل میڈیا پر خاص توجہ حاصل کر رہا ہے۔
’مجھے اُمید نہیں تھی کہ کیچ پکڑ لوں گا‘
بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے مہران نے بتایا کہ وہ مرغزار کے رہائشی ہیں اور محکمہ پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ میں ملازم ہیں۔
ان کے مطابق وہ دفتر سے گھر جا رہے تھے اور کرکٹ کے شوق کی وجہ سے میچ پر بھی نظر تھی۔
’میں کرکٹ کا شوقین ہوں، کرکٹ خود کھیلتا بھی ہوں اور دیکھتا بھی ہوں۔ میں نے دیکھا کہ ابرار لالہ کریز پر موجود تھے اور پھر انھوں نے چھکا مارا۔‘
Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مہران کہتے ہیں کہ ’جب گیند ان کی طرف آئی تو انھوں نے موٹر سائیکل چلا رہے اپنے ساتھی سے کہا کہ وہ سر نیچے کر لیں تاکہ میں کیچ پکڑ سکوں۔‘
’میں نے اسے کہا سر نیچے کریں، میں کیچ پکڑتا ہوں۔ تو پھر میں نے کیچ پکڑ لیا۔‘
مہران کے مطابق انھوں نے کیچ پکڑنے کی کوشش تو کی تھی، لیکن انھیں یقین نہیں تھا کہ وہ ایسا کر پائیں گے۔
’محنت تو کی لیکن اُمید نہیں تھی کہ کیچ پکڑوں گا۔ میں کہہ رہا تھا کہ یہ ادھر گر جائے گا، لیکن بس اللہ کے کرم سے کیچ پکڑ لیا۔‘
،تصویر کا ذریعہSocial Media
دس ہزار روپے انعام اور راتوں رات وائرل ہونے والی ویڈیو
مہران کے مطابق کیچ پکڑنے کے بعد سوات پریمیئر لیگ کی انتظامیہ نے فوری طور پر ان کے لیے دس ہزار روپے انعام کا اعلان کیا، جو پاکستان کی فوج کی طرف سے دیا گیا۔
انھوں نے بتایا کہ انھیں اس بات کا اندازہ بھی نہیں تھا کہ کیچ کی ویڈیو اتنی تیزی سے وائرل ہو جائے گی۔
’راتوں رات ویڈیو وائرل ہو گئی، مجھے پتہ بھی نہیں تھا۔‘
مہران نے اس انعام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اللہ کے شکر گزار ہیں۔‘
انھوں نے سوات پریمیئر لیگ کی انتظامیہ سے درخواست کی کہ یہ ٹورنامنٹ ہر سال منعقد کیا جائے۔ ان کے مطابق یہ ایک اچھا ٹورنامنٹ ہے۔
مہران نے یہ وضاحت بھی کی کہ انھوں نے کیچ پکڑنے کے بعد گیند واپس کر دی تھی۔
’لوگ کہہ رہے ہیں کہ میں گیند اپنے ساتھ لے جا رہا تھا لیکن ایسا نہیں ہے میں نے تو گیند واپس کی تھی۔‘
کرکٹ میچوں کے دوران تماشائیوں کی جانب سے غیر معمولی کیچ پکڑنے کے واقعات پہلے بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ 1987 میں انگلینڈ کے سابق کرکٹر ایئن بوتھم کے چھکے پر آسٹریلیا میں ایک کیمرہ مین نے سگریٹ منھ میں دبائے گیند پکڑ لی تھی، جبکہ 2014 میں نیوزی لینڈ کے ایک ڈومیسٹک میچ میں تماشائی نے ڈھلوان پر پھسلتے ہوئے ایک ہاتھ سے کیچ پکڑا تھا۔
اسی طرح گذشتہ برس آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے میچ میں بھی ایک تماشائی نے ایک ہاتھ میں دو مشروبات کے کین پکڑے ہوئے دوسرے ہاتھ سے کیچ لیا تھا۔ تاہم سوات کے مہران کا چلتی موٹر سائیکل پر بیٹھے ہوئے ایک ہاتھ سے کیچ پکڑنا اپنی نوعیت کا ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔
سوشل میڈیا پر مہران کے کیچ کے چرچے
،تصویر کا ذریعہx.com
تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
مہران کے اس کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دُنیا بھر سے کرکٹ شائقین نے اسے غیر معمولی اور حیرت انگیز قرار دیا۔
برطانیہ سے ایک سوشل میڈیا صارف میٹ ڈوبنی نے ماضی کے ایک کیچ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ 39 سال پہلے ایک آسٹریلوی تماشائی نے ایان بوتھم کے چھکے کو سگریٹ پیتے ہوئے بڑی بے فکری سے پکڑا تھا اور وہ کرکٹ کی تاریخ کا سب سے پُرسکون تماشائی کا ایک کیچ تھا، لیکن اب ایک نیا کیچ اس ریکارڈ کو پیچھے چھوڑنے کے لیے سامنے آ گیا ہے۔
آسٹریلیا سے ایک ایکس صارف اینڈریو مک کارمک نے اس کیچ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’اس واقعے کے رونما ہونے کے لیے کئی چیزوں کا عین درست وقت اور ترتیب سے ہونا ضروری تھا، جس کے باعث یہ کسی کھیل کے مقابلے میں پیش آنے والے غیر معمولی واقعات میں سے ایک ہے۔‘
انھوں نے لکھا کہ ’چھکے کا وقت، موٹر سائیکل کی وہاں موجودگی اور نوجوان کا ایک ہاتھ سے گیند پکڑ لینا، یہ سب ایسے اتفاقات ہیں جن کے امکانات انتہائی کم تھے۔‘
ان کے مطابق ’اگر کوئی قسمت یا تقدیر کے حق میں دلیل دینا چاہے تو یہ ویڈیو اس کی بہترین مثال ہو سکتی ہے۔‘
کرکٹ تجزیہ کار ڈینیئل الیگزینڈر نے بھی اس کیچ کو کرکٹ کی تاریخ کا بہترین کیچ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ کسی بھی فارمیٹ، ملک یا فیلڈر کی جانب سے اس سے پہلے ایسا کچھ دیکھنے میں نہیں آیا۔
،تصویر کا ذریعہx.com
شہزاد خان نامی ایک ایکس صارف نے بھی اس واقعے کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ’ایسے کیچ روز نہیں دیکھنے کو ملتے۔‘
ان کے مطابق ’بلے باز نے ایک زور دار چھکا مارا، لیکن گیند سٹیڈیم کے اندر موجود تماشائیوں تک پہنچنے کے بجائے باہر چلی گئی، جہاں چلتی موٹر سائیکل پر بیٹھے ایک شخص نے بغیر موٹر سائیکل رکے اسے ایک ہاتھ سے پکڑ لیا۔‘
کرکٹ پر تبصرہ کرنے والے مظہر ارشد نے اس کیچ کو کرکٹ کی تاریخ کا ’سب سے بہترین کیچ قرار‘ دیتے ہوئے لکھا کہ اس پر کوئی بحث نہیں ہو سکتی۔
کرکٹ کمنٹیٹر عاطف نواز نے اس واقعے کے پس منظر کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ سوات پریمیئر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن ہے، جو پاکستان کے شمالی علاقے میں کھیلا جانے والا 10 اوورز کا ٹیپ بال ٹورنامنٹ ہے۔‘
ان کے مطابق ’سوات سٹرائیکرز نے جی کے آر دیر کو 34 رنز سے شکست دی، لیکن اس میچ کا اصل ہیرو گراؤنڈ میں موجود ہی نہیں تھا۔‘
انھوں نے اسے پاکستان کی ٹیپ بال کرکٹ ثقافت کا حسن قرار دیا۔
پاکستان سے ایک اور ایکس صارف شیر علی نے پاکستان میں کرکٹ کے اس غیر معمولی منظر پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ پاکستان ہے، یہاں لوگ موٹر سائیکل پر بیٹھے کیچ پکڑ لیتے ہیں، لیکن قومی ٹیم کے کھلاڑی میدان میں کیچ نہیں پکڑ پاتے۔‘
،تصویر کا ذریعہSocial Media
سوات کے اس نوجوان کے غیر معمولی کیچ نے بین الاقوامی میڈیا کی بھی توجہ حاصل کی ہے۔ آسٹریلیا کے نیوز ادارے 7 نیوز نے اسے 'غیر معمولی کیچ' قرار دیتے ہوئے آسٹریلوی صحافی اینڈریو مک کارمک کا تبصرہ بھی شامل کیا، جن کے مطابق اس واقعے میں چھکے، موٹر سائیکل اور کیچ پکڑنے کے وقت کا ایک ساتھ درست ہونا حیران کن ہے۔
متحدہ عرب امارات کے اخبار گلف نیوز نے اپنی رپورٹ میں سوال اٹھایا کہ کیا یہ اب تک کا بہترین کیچ ہے؟ اخبار نے اس بات کو نمایاں کیا کہ کیچ پکڑنے والا شخص نہ تو کھلاڑی تھا اور نہ ہی گراؤنڈ کے اندر موجود تماشائی۔
انڈیا کے ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں اس بات پر توجہ مرکوز کی کہ موٹر سائیکل چلتی رہی اور اس کے پیچھے بیٹھے نوجوان نے ایک ہاتھ سے گیند پکڑ لی۔
برطانوی اخبار دی سن نے بھی اس واقعے کو کرکٹ کی تاریخ کے بہترین کیچز میں شمار کرنے والے سوشل میڈیا ردعمل کو نمایاں کیا اور اسے موٹر سائیکل پر سوار شخص کا ہوا میں سے گیند اچک لینے کا حیران کن لمحہ قرار دیا۔
'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں
Source: BBC Urdu · BBC News اردو
At a glance
- Topic
- World
- Country
- 🇵🇰 PK
- Publisher language
- UR
- Added to Allnira