رضوان کا نام نہ ہونے پر عاقب جاوید کی وضاحتیں: پی سی بی کے نئے سینٹرل کانٹریکٹس سے کن بڑے کھلاڑیوں کو باہر کیا گیا؟

Pakistan Cricket

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنپاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کانٹریکٹ میں محمد رضوان کو کسی بھی فارمیٹ میں شامل نہیں کیا

وقت اشاعت 2 منٹ قبل

مطالعے کا وقت: 6 منٹ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ دو برس کے لیے 38 کرکٹرز کو نئے سینٹرل کانٹریکٹس دے دیے ہیں جن کا اطلاق 30 جون 2027 تک ہو گا۔ نئے کانٹریکٹس میں سابق کپتان محمد رضوان، امام الحق، شان مسعود، صائم ایوب اور عبداللہ شفیق سمیت پاکستان ٹیم کا حصہ رہنے والے بعض سینئر کھلاڑیوں کو شامل نہیں کیا گیا۔

پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ نئی فہرست میں پاکستان ٹیم کے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ ابھرتے ہوئے نوجوانوں کو بھی شامل کیا گیا ہے، جسے پاکستان کرکٹ کے مستقبل کی منصوبہ بندی اور مختلف فارمیٹس کے لیے الگ حکمتِ عملی کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔

ان کانٹریکٹس کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے سنیچر کو لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران کیا۔

پی سی بی نے یہ نہیں بتایا کہ سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو ماہانہ کتنی تنخواہ ملے گی، لیکن پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کی کیٹیگری کا نظام یعنی اے، بی، سی اور ڈی ختم ہونے سے پہلے بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اے کیٹیگری میں شامل کرکٹر کو پی سی بی ماہانہ 60 لاکھ روپے تک معاوضہ دیتا تھا۔

نئے کانٹریکٹس کے تحت بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے انٹرنیشنل کیٹیگری میں جگہ دی گئی ہے، جبکہ اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل کو ٹیسٹ کرکٹ کی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

ون ڈے اور ٹی 20 انٹرنیشنل کی مشترکہ کیٹیگری میں ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹی 20 انٹرنیشنل کیٹیگری میں حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو جگہ ملی ہے۔

تصویر

،تصویر کا ذریعہGetty Images

کس کھلاڑی کو کس فارمیٹ میں کانٹریکٹ دیا گیا ہے؟

پی سی بی کے مطابق بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹ میں کانٹریکٹ دیا گیا ہے۔ اذان اویس، محمد عباس، ساجد خان اور سعود شکیل کو ٹیسٹ جبکہ ابرار احمد، عرفات منہاس، فخر زمان، فہیم اشرف، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے اور ٹی 20 فارمیٹ میں کانٹریکٹ دیا گیا ہے۔

Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

  • LIVE

  • ترکی کا سیسمک تحقیقاتی جہاز ’اوروچ رئیس‘

  • ISPR

  • kanganpur

End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان، شاداب خان اور عثمان طارق کو ٹی 20 فارمیٹ میں کانٹریکٹ دیا گیا ہے۔

ڈیولپمنٹ کیٹیگری میں 19 نوجوان کرکٹرز

پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مستقبل کے کھلاڑیوں کی تیاری پر بھی توجہ دیتے ہوئے ڈیولپمنٹ کیٹیگری میں 19 نوجوان کرکٹرز کو شامل کیا ہے۔

اس فہرست میں عبدالصمد، عبداللہ فضل، احمد دانیال، علی رضا، فرحان یوسف، حنین شاہ، محمد طحہ، محمد طیب عارف، محمد غازی غوری، محمد عمران رندھاوا، رضا اللہ، سعد بیگ، سعد مسعود، سمیر منہاس، ثاقب خان، شاہ زیب خان، شامل حسین، سفیان مقیم اور عبید شاہ شامل ہیں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کانٹریکٹس کا مقصد موجودہ قومی کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے ساتھ نوجوان ٹیلنٹ کو بھی آگے لانے کے لیے واضح راستہ فراہم کرنا ہے، تاکہ پاکستان کی بین الاقوامی کرکٹ میں مسابقتی صلاحیت برقرار رکھی جا سکے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

،تصویر کا کیپشنشان مسعود اور صائم ایوب کو کوئی کانٹریکٹ نہیں دیا گیا

سوشل میڈیا پر ردِعمل

سابق کپتان محمد رضوان سمیت حال ہی میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ رہنے والے کرکٹرز کو سینٹرل کانٹریکٹس میں شامل نہ کرنے پر سوشل میڈیا پر بھی بات ہو رہی ہے۔

شیری نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ پی سی بی کی سینٹرل کنٹریکٹ لسٹ سے بڑے نام خارج۔ صائم ایوب، محمد رضوان، امام الحق، عبداللہ شفیق، محمد حارث، شان مسعود، وسیم جونیئر اور خرم شہزاد سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل نہیں۔

سپورٹس تجزیہ کار یحییٰ حسینی نے ایکس پر لکھا کہ بابر اعظم چار سال سے سنچری نہ بنانے کے باوجود ٹیسٹ ون ڈے کانٹریکٹ میں شامل اور اس دوران تین سنچریاں بنانے والے شان مسعود کا کانٹریکٹ سے مکمل طور پر باہر کر دیا گیا۔ سینٹرل کانٹریکٹ بنانے والے خود کٹہرے میں کھڑے ہیں کہ ان کے فیصلوں کی بنیاد کیا ہے۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

اُن کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ’ریڈ بال‘ اور ’وائٹ بال‘ (فارمیٹ کے لحاظ سے) الگ الگ کانٹریکٹس دینا ایک نیا قدم ہے، جو یقیناً طویل مدت میں فائدہ مند ثابت ہوگا۔ اس کے علاوہ، فرسٹ کلاس میچوں کی ایک کم از کم تعداد کھیلنا لازمی قرار دینا بھی ایک اچھا اقدام ہے۔‘

رانا نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ صائم ایوب کا کیریئر نازک موڑ پر ہے۔ وہ سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل نہیں ہیں، کیا اُن کا ورلڈ کپ کھیلنے کا خواب ٹوٹ گیا ہے؟

عبدالغفار نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ تو کیا ہمارے پاس ایسے معیاری کھلاڑی نہیں ہیں، جو تیسٹ اور ون ڈے دونوں کھیل سکیں۔ کیا صرف پانچ کھلاڑی ہی ٹیسٹ میچ کھیلنے کے ماہر ہیں۔ کیا شاہین شاہ آفریدی اور نسیم ٹیسٹ نہیں کھیلنا چاہتے؟ فرحان صرف ٹی 20 میں کیوں؟ کیا رضوان پاکستان کرکٹ سے باہر ہو گئے ہیں؟

،تصویر کا ذریعہX/@ArfaSays_

’پاکستان ٹیم میں کوئی کبھی بھی منتخب ہو سکتا ہے‘

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

محمد رضوان کو سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل نہ کرنے کے سوال پر لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران پی سی کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس رُکن عاقب جاوید نے کہا کہ محمد رضوان کی پاکستان کرکٹ کے لیے بہت سروسز ہیں، یہ ضروری نہیں ہے کہ جنھیں کانٹریکٹ ملا ہے، صرف وہی سلیکٹ ہو سکتے ہیں۔

بابر اعظم اور سلمان علی آغا کو ٹی 20 کانٹریکٹ سے خارج کرنے پر عاقب جاوید نے کہا کہ اگر دونوں نے اس فارمیٹ میں کارکردگی دکھائی تو وہ پاکستان کے لیے ٹی 20 بھی کھیل سکتے ہیں۔

عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس کے کانٹریکٹ میں شامل نہ ہونے والے کئی کھلاڑی اس ایک برس کے دوران پاکستان ٹیم میں جگہ بناتے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں کھیلے گئے لارڈز ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے سکواڈ میں شامل سات کھلاڑیوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان میں محمد رضوان، امام الحق، سلمان آغا، علی عثمان، عامر جمال، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل تھے۔

جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 'نظم و ضبط اور رویے سے متعلق میڈیا رپورٹس کے پیشِ نظر ایک اندرونی تادیبی تحقیقات' کا آغاز کیا تھا۔ ستمبر کے اوائل میں پاکستان کے مختلف ذرائع ابلاغ پر یہ خبریں چل رہی تھیں کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے دوران پی سی بی نے کچھ کھلاڑیوں کے موبائل فونز تحویل میں لیے تھے۔

بعدازاں یہ سامنے آیا تھا کہ محمد رضوان نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی) گئے تھے اور بعدازاں اُنھوں نے این سی سی آئی کی کارروائی روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رُجوع کیا تھا، لیکن عدالت نے اُن کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

Source: BBC Urdu · BBC News اردو

At a glance

Topic
World
Country
🇵🇰 PK
Publisher language
UR
Added to Allnira