اوروچ رئیس: ترکی کا بحری جہاز جو پاکستانی سمندروں کا ’ایکس رے‘ کرے گا
،تصویر کا ذریعہtp-otc.com
- مصنف, عمیر محمود
- عہدہ, بی بی سی اُردو
- مقام, اسلام آباد
وقت اشاعت 3 منٹ قبل
مطالعے کا وقت: 9 منٹ
ترکی کا ایک تحقیقاتی بحری جہاز ’اوروچ رئیس‘ پاکستان پہنچا ہے جو ملک کی سمندری حدود میں تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے سروے کرے گا۔
اوروچ رئیس ایک ’سیسمک ریسرچ ویسل‘ ہے جو سمندر کی تہہ کے نیچے موجود مختلف تہوں کا جائزہ لے کر ایسے مقامات کی نشاندہی میں مدد دیتا ہے جہاں تیل یا قدرتی گیس کے ذخائر موجود ہونے کا امکان ہو۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق اوروچ رئیس 18 نومبر کو کراچی بندرگاہ پہنچا تھا، جبکہ جمعہ (20 نومبر) کو کراچی بندرگاہ پر جہاز کے لیے ایک استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ جدید سیسمک ٹیکنالوجی سے لیس اس جہاز کی آمد ’پاکستان اور ترکی کے درمیان سمندری تعاون اور آف شور ہائیڈروکاربن (یعنی تیل اور گیس) کی تلاش کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت ہے۔‘
لیکن سوال یہ ہے کہ ’سیسمک ریسرچ‘ اور ’سیسمک ٹیکنالوجی‘ ہوتی کیا ہے اور ایک تحقیقاتی جہاز سمندر کی تہہ کے نیچے موجود ممکنہ تیل اور گیس کے ذخائر کے بارے میں معلومات کیسے حاصل کرتا ہے؟
توانائی کے شعبے کی ماہر عافیہ ملک کے مطابق سیسمک ریسرچ/سروے یا سیسمک ایکسپلوریشن سمندر یا زمین کے نیچے موجود مختلف تہوں اور ساخت کا مطالعہ کرنے کا ایک طریقہ ہے، جس کا مقصد ان علاقوں کی نشاندہی کرنا ہوتا ہے جہاں تیل اور قدرتی گیس کے ذخائر موجود ہونے کا امکان ہو۔
ان کے مطابق اس طریقۂ کار میں سیسمک سروے کی منصوبہ بندی، ڈیٹا اکٹھا کرنا، اس کی پراسیسنگ اور پھر اس کی تشریح شامل ہوتی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ اسے زمین کے نیچے موجود ساختوں کا ’الٹراساؤنڈ‘ یا ’ایکس رے‘ سمجھا جا سکتا ہے۔
Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading
سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بی بی سی سے گفتگو میں عافیہ ملک نے بتایا کہ سیسمک سروے کی دو بنیادی اقسام ہوتی ہیں: ’ٹو ڈی (2D) اور تھری ڈی (3D)۔‘
ان کے مطابق ٹو ڈی سیسمک سروے زمین کے نیچے موجود تہوں کی ایک ابتدائی تصویر فراہم کرتا ہے، جس سے ماہرین کو یہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے کہ زیرِ زمین ڈھانچہ کیسا ہے اور تیل یا گیس کہاں موجود ہو سکتی ہے۔
عافیہ ملک کا کہنا ہے کہ تھری ڈی سیسمک سروے اس کے مقابلے میں زیرِ زمین ساخت کی زیادہ تفصیلی اور سہ جہتی تصویر فراہم کرتا ہے، جس سے ماہرینِ ارضیات تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کا نسبتاً زیادہ درست انداز میں جائزہ لے سکتے ہیں۔
ان کے بقول تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبوں میں ٹو ڈی سروے کو ابتدائی جانچ پڑتال کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جبکہ تھری ڈی سروے ڈرلنگ کے فیصلوں کے لیے زیادہ مفصل معلومات فراہم کرتا ہے۔
کیا سیسمک سروے سے تیل ملنے کی تصدیق ہو جاتی ہے؟
تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة
بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية
اسلام آباد میں قائم تیل و گیس کی تلاش اور سیسمک خدمات فراہم کرنے والی کمپنی پاک پیٹرو سرو کے سربراہ محمد حنیف کے مطابق زیرِ زمین تیل اور گیس کے ممکنہ ذخائر کی نشاندہی میں سیسمک سروے بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
بی بی سی سے گفتگو میں سیسمک سروے کے طریقۂ کار کی وضاحت کرتے ہوئے محمد حنیف نے بتایا کہ اس عمل میں توانائی کی لہریں زمین کے اندر بھیجی جاتی ہیں، جو مختلف زیرِ زمین چٹانی تہوں سے ٹکرا کر واپس آتی ہیں۔
’ان منعکس ہونے والی لہروں سے حاصل ہونے والے سگنلز کو خصوصی آلات کے ذریعے ریکارڈ کیا جاتا ہے۔‘
بعد ازاں ان اعداد و شمار کا جدید سائنسی اور تکنیکی بنیادوں پر تجزیہ کیا جاتا ہے، جس سے زمین کے اندر موجود چٹانی ساختوں اور تہوں کی نوعیت سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔
محمد حنیف کے مطابق، خشکی پر سیسمک لہریں پیدا کرنے کے لیے عموماً دھماکہ خیز مواد یا خصوصی ارتعاشی مشینیں استعمال کی جاتی ہیں، جبکہ سمندر میں اس مقصد کے لیے ایئر گنز استعمال ہوتی ہیں۔
’یہ آلات پانی کے اندر طاقت ور صوتی لہریں خارج کرتے ہیں، جو سمندر کی تہہ کے نیچے موجود چٹانی تہوں سے منعکس ہو کر واپس آتی ہیں۔ ان لہروں کو خصوصی آلات کے ذریعے ریکارڈ کر کے مزید تجزیے کے لیے محفوظ کیا جاتا ہے۔‘
سیسمک ڈیٹا سے ذخائر کی نشاندہی کیسے ہوتی ہے؟
بی بی سی کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد حنیف نے وضاحت کی کہ زیرِ زمین مختلف چٹانوں اور مادّوں میں توانائی کی لہروں کی رفتار، انعکاس اور رویے میں فرق پایا جاتا ہے۔
’اگر کسی چٹانی ساخت میں پانی، تیل یا قدرتی گیس موجود ہو تو ان لہروں کے سفر اور واپس آنے والے سگنلز کی خصوصیات بھی تبدیل ہو سکتی ہیں۔‘
،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
تاہم صرف لہروں کی رفتار یا کسی ایک پیمائش کی بنیاد پر تیل یا گیس کی موجودگی کا فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، بلکہ ماہرین ان لہروں سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کو دیگر معلومات کے ساتھ ملا کر یہ اندازہ لگاتے ہیں کہ زیرِ زمین کسی جگہ تیل یا قدرتی گیس موجود ہونے کا امکان ہے یا نہیں۔
اور حتمی تصدیق صرف ڈرلنگ سے ممکن ہے۔
محمد حنیف کے مطابق، سیسمک سروے زیرِ زمین ارضیاتی ساختوں اور ممکنہ ذخائر کی نشاندہی کا ایک اہم ذریعہ ضرور ہے، لیکن یہ بذاتِ خود تیل یا گیس کی موجودگی کا حتمی ثبوت نہیں ہوتا۔
’کسی مقام پر تجارتی بنیادوں پر تیل یا گیس کے ذخائر کی موجودگی، ان کی مقدار اور پیداواری صلاحیت کی حتمی تصدیق کنویں کی کھدائی (ڈرلنگ) اور اس کے بعد کی جانے والی تفصیلی جانچ کے ذریعے ہی ممکن ہوتی ہے۔‘
تیل و گیس کی تلاش اور سیسمک خدمات فراہم کرنے والی کمپنی پاک پیٹرو سرو کے سربراہ محمد حنیف نے ڈرلنگ کے فیصلوں میں سیسمک ڈیٹا کے کردار پر بھی بات کی۔
انھوں نے بتایا کہ سیسمک ڈیٹا ماہرین کو زمین کی تہہ میں موجود ممکنہ ارضیاتی ساختوں کی ایک سائنسی تصویر فراہم کرتا ہے۔
’اس معلومات کی مدد سے ڈرلنگ کے لیے موزوں مقامات کے انتخاب میں آسانی ہوتی ہے، جس سے تیل اور گیس کی تلاش کے دوران غیر ضروری اخراجات، تکنیکی خطرات اور غیر یقینی صورتحال کو کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔‘
محمد حنیف نے اس بات پر زور دیا کہ تیل اور گیس کی کامیاب تلاش کے لیے جدید سیسمک ٹیکنالوجی، معیاری ڈیٹا کے حصول اور اس کے درست سائنسی تجزیے کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔
’سیسمک سروے میں حاصل ہونے والی معلومات نہ صرف ممکنہ ذخائر کی بہتر نشاندہی میں مدد دیتی ہیں بلکہ ڈرلنگ سے متعلق اہم فیصلوں کو بھی زیادہ مؤثر اور معلومات پر مبنی بنانے میں کردار ادا کرتی ہیں۔‘
اگرچہ سیسمک سروے بذاتِ خود تیل یا گیس کی دریافت نہیں ہوتا، تاہم پاکستانی اور ترک حکام کا کہنا ہے کہ اس سے حاصل ہونے والا ڈیٹا مستقبل کی ڈرلنگ کے فیصلوں کی بنیاد بن سکتا ہے۔
کیا پاکستان تیل اور گیس کی نئی دریافت کے قریب ہے؟
،تصویر کا ذریعہAnadolu via Getty Images
جمعہ کو کراچی بندرگاہ پر ریسرچ ویسل اوروچ رئیس کے لیے استقبالیہ تقریب میں پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک اور ترکی کے وزیرِ توانائی و قدرتی وسائل الپرسلان بائراکتار نے شرکت کی۔
اس موقع پر الپرسلان بائراکتار نے کہا کہ اوروچ رئیس پاکستان کی سمندری حدود میں واقع انڈس اور مکران بیسنز میں موجود توانائی کے ممکنہ وسائل کا جائزہ لے گا۔
ماہرین کے مطابق ارضیات (جیولوجی) میں بیسن زمین کی پرت کا ایک وسیع اور نسبتاً نشیبی علاقہ ہوتا ہے جہاں وقت کے ساتھ تلچھٹ (پانی یا کسی رقیق شے کے نیچے جما ہوا میل) جمع ہوتی رہتی ہے۔ ایسے علاقوں میں طویل عرصے کے دوران ایسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں جن میں تیل اور گیس بنیں، ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوں اور آخرکار ذخائر کی صورت میں جمع ہو جائیں۔
ترک وزیرِ توانائی الپرسلان بائراکتار کے بقول: ’یہ جہاز پاکستان کی سمندری حدود میں واقع انڈس اور مکران بیسنز کی صلاحیت جانچنے کے لیے یہاں موجود ہے۔
’ہم اس سروے سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر ایسے مقامات کا تعین کرنا چاہتے ہیں جہاں آئندہ سال ڈرلنگ شروع کی جا سکے۔‘
ترکی کے وزیرِ توانائی نے کہا کہ ’جس طرح ہم نے اپنے سمندروں میں ہائیڈروکاربن کے ذخائر دریافت کر کے انھیں پیداوار میں شامل کیا، اسی تجربے اور انجینیئرنگ مہارت کی مدد سے ہم پاکستان میں بھی ایسی ہی کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔‘
ان کے مطابق ترکی کی سرکاری تیل کمپنی ترکش پیٹرولیم (ٹی پی اے او) انڈس سی بلاک میں 670 مربع کلومیٹر کے علاقے پر تھری ڈی سیسمک ڈیٹا اکٹھا کرے گی اور یہ سرگرمی تقریباً 52 دن جاری رہے گی۔
انھوں نے کہا کہ حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر ممکنہ مقامات کا تعین کر کے اگلے سال ڈرلنگ شروع کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ترکی کی وزارت توانائی کے مطابق مقامی وسائل اور صلاحیتوں سے تیار کیا گیا اوروچ رئیس سیسمک تحقیقاتی جہاز صومالیہ میں اپنا پہلا بین الاقوامی مشن مکمل کرنے کے بعد اپنے دوسرے بیرون ملک آپریشن کے لیے پاکستان پہنچا ہے۔
پاکستان کے لیے یہ منصوبہ کیوں اہم ہے اور آگے کیا ہو گا؟
،تصویر کا ذریعہx.com/ForeignOfficePk
پاکستان کے وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ترکی کے سیسمک ریسرچ جہاز ’اوروچ رئیس‘ کی آمد پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کی تلاش کے منصوبوں میں ایک اہم پیش رفت ہے اور حکومت کو امید ہے کہ سروے مکمل ہونے کے بعد اگلے سال کے اوائل میں ڈرلنگ کا عمل شروع کیا جا سکے گا۔
کراچی پورٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اوروچ رئیس انڈس بیسن کے سمندری علاقے میں سیسمک ڈیٹا جمع کرے گا جس سے زیر زمین ارضیاتی ساخت کے بارے میں مزید واضح معلومات حاصل ہوں گی اور مستقبل کی ڈرلنگ کے فیصلوں میں مدد ملے گی۔
انھوں نے بتایا کہ گذشتہ سال تقریباً دو دہائیوں کے وقفے کے بعد پاکستان نے آف شور بلاکس کے لیے نئی بولیوں کا عمل شروع کیا اور 23 بلاکس کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
وزیر پیٹرولیم کے مطابق پاکستان اور ترکی کی کمپنیوں کے درمیان تین آف شور اور دو آن شور بلاکس پر تعاون کے انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ترک کمپنی ٹی پی اے او پاکستانی کمپنیوں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) اور ماری انرجیز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ تیل اور گیس کی تلاش کے لیے حکومتیں مخصوص علاقوں کو بلاکس میں تقسیم کرتی ہیں۔ خشکی پر واقع علاقوں کو ’آن شور بلاکس‘ جبکہ سمندر میں واقع علاقوں کو ’آف شور بلاکس‘ کہا جاتا ہے۔
توانائی کمپنیاں ان بلاکس میں سروے، تلاش اور ممکنہ پیداوار کے حقوق حاصل کرتی ہیں۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ترک سیسمک تحقیقاتی جہاز اوروچ رئیس کی جانب سے جمع کیا جانے والا سیسمک ڈیٹا پاکستان کے سمندری علاقوں کے نیچے موجود ارضیاتی ساختوں کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے گا اور مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش کے منصوبوں کے لیے بنیاد فراہم کرے گا۔
اسحاق ڈار کے مطابق سروے کے ذریعے حاصل ہونے والی معلومات پاکستان کے مستقبل کے آف شور ایکسپلوریشن پروگرام میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں، جبکہ پاکستانی اور ترک ماہرین اس منصوبے میں مشترکہ طور پر کام کریں گے۔
اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ سیسمک سروے کا عمل پانچ سے چھ ماہ میں مکمل ہو جائے گا اور اس کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کی بنیاد پر آف شور ڈرلنگ کے امکانات کا جائزہ لیا جا سکے گا۔
’BBC News اردو‘ ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔
نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔
Source: BBC Urdu · عمیر محمود
At a glance
- Topic
- World
- Country
- 🇵🇰 PK
- Publisher language
- UR
- Added to Allnira