شی، پوتن اور ٹرمپ کی تاریخی ملاقات میں کیا ہوا اور کیا روسی صدر کو نظر انداز کیا گیا؟

Trump, China

،تصویر کا ذریعہGetty Images

    • مصنف, انتھونی زرچر
    • عہدہ, شمالی امریکہ نامہ نگار
  • وقت اشاعت 44 منٹ قبل

  • مطالعے کا وقت: 8 منٹ

ڈونلڈ ٹرمپ ولادیمیر پوتن اور شی جن پنگ کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کے لیے پہچے تو ان کے ایجنڈے میں شاید کوئی زیادہ واضح مطالبات نہیں تھے۔ لیکن اس تاریخی ملاقات میں ہوا کیا اور ٹرمپ کو اس سے کیا حاصل ہوا؟ اس کے ساتھ ہی ایک اور سوال یہ بھی اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا چینی صدر نے اجلاس کے دوران روسی صدر پوتن کو نظر انداز کیا؟

یاد رہے کہ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جنوبی چین کے شہر شینزین میں ایشیا پیسیفک اکنامک سربراہی اجلاس (ایپک) میں شرکت کے لیے پہنچے تو چینی صدر شی جن پنگ خود ان کے استقبال کے لیے ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ لیکن اس سے پہلے جب روسی صدر ولادیمیر پوتن پہنچے تو ان کے استقبال کی ذمہ داری شی جن پنگ کے چیف آف سٹاف اور کمیونسٹ پارٹی کے سرکردہ رہنماؤں میں سے ایک نے نبھائی تھی۔

ہانگ کانگ کے معروف میڈیا آؤٹ لیٹ، ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے رپورٹ کیا کہ آخری بار ایک چینی سربراہ مملکت نے ہوائی اڈے پر ہوائی جہاز کے قریب پہنچ کر کسی غیر ملکی رہنما کا استقبال 1959 میں کیا تھا۔

اس وقت، چین کے سپریم لیڈر، ماو زے تنگ، سوویت رہنما نکیتا خروشیف کا استقبال کرنے کے لیے بیجنگ کے ہوائی اڈے پر پہنچے تھے حالانکہ خروشیف کا دورہ خفیہ تھا، اور دونوں ممالک کے درمیان عدم اعتماد کی فضا تھی۔

اخبار نے لکھا کہ لیکن اس بار، منظر بالکل مختلف تھا، جیسے ہی ٹرمپ ایئر فورس ون کی سیڑھیوں سے اترے، دنیا کی دو طاقتور ترین قوموں کے لیڈر کیمروں کے سامنے گلے ملے۔ شی جن پنگ کی طرف سے اس طرح کا عوامی محبت کا مظاہرہ انتہائی نایاب ہے۔

چند مبصرین کا ماننا ہے کہ اس ملاقات کی تصاویر اور اس سے جنم لینے والا تاثر ہی شاید اس سربراہی اجلاس کا سب سے دیرپا نتیجہ ہوں۔

بعض نے اس ملاقات کو بڑی طاقتوں کے درمیان تاریخی ’Yalta 2.0‘ میٹنگ بھی قرار دیا تھا جو دوسری عالمی جنگ کے دوران امریکہ، سویت یونین اور برطانوی سربراہان مملکت یعنی بڑی عالمی طاقتوں کے درمیان ہونے والی ملاقات تھی۔

Trump Putin

،تصویر کا ذریعہGetty Images

کیا شی نے ٹرمپ کو پوتن سے زیادہ اہمیت دی؟

کیا ٹرمپ کے استقبال کا مطلب یہ ہے کہ ٹرمپ شی جن پنگ کے لیے پوتن سے زیادہ اہم ہو چکے ہیں، جنھیں وہ اپنا پرانا دوست کہتے ہیں؟

Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

  • تصویر

  • پولیس

  • Anthropic chief executive Dario Amodei, wearing round eyeglasses and a grey suit, smiling broadly as he walks into a White House meeting surrounded by security personnel and photographers.

  • Truck Driver

End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

یوکرین کی وزارت داخلہ کے سابق مشیر اینٹون گیراشینکو نے ہوائی اڈے پر شی جن پنگ اور ٹرمپ کے گلے ملنے کی تصویر پوسٹ کی، ساتھ ہی پوتن کے استقبال کے لیے کھڑے ایک جونیئر چینی اہلکار کی تصویر کے ساتھ لکھا پوتن کی چین میں سرعام تذلیل کی گئی۔

انھوں نے لکھا کہ روسی صدر کا استقبال چین کی کمیونسٹ پارٹی کی سینٹرل کمیٹی کے جنرل آفس کے سربراہ کائی چی نے کیا۔ پوتن ان کے سامنے ایسے پیش ہوئے جیسے وہ کسی ماتحت ملک کے رہنما ہوں۔

اینٹون لکھتے ہیں، ’جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایپک سربراہی اجلاس کے لیے شینزین پہنچے تو چینی صدر شی جن پنگ ذاتی طور پر ان کے استقبال کے لیے روانہ ہوئے۔ روس کے اتحادی ہونے کے باوجود پوتن کا ٹرمپ کے مقابلے میں بہت نچلے درجے کا استقبال ہوا۔ یہ بیجنگ کی طرف سے واضح اشارہ تھا کہ چین کے ساتھ تعلقات میں روس کی پوزیشن ایک ماتحت پارٹنر کی ہے۔ صرف پوتن کے طیارے کی لینڈنگ کی فوٹیج نشر کی۔‘

شی جن پنگ کا ٹرمپ کا پرتپاک استقبال ظاہر کرتا ہے کہ چین واشنگٹن کے ساتھ اپنے تعلقات کو سنبھالنے میں کتنا سنجیدہ ہے۔

امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل کے روس کے بیورو چیف تھامس گروو نے ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ ’چین امریکہ کا سب سے بڑا سٹریٹجک حریف ہے اور اس کی معیشت روس سے بہت بڑی ہے، روس کے یوکرین پر حملے کے بعد چین نے ماسکو کو اقتصادی امداد کے ساتھ نمایاں مدد فراہم کی تھی۔ لیکن اس ملاقات نے یہ بھی واضح کر دیا کہ بیجنگ اپنے ذاتی مفادات پر مبنی فیصلے نہیں کرتا۔‘

تھامس نے لکھا ’سربراہی اجلاس نے پوتن کے لیے کوئی بڑا پالیسی سنگ میل حاصل نہیں کیا، لیکن اس سے اس کی سیاسی اہمیت کم نہیں ہوتی۔ سربراہی اجلاس کی روس میں بہت زیادہ تشہیر کی گئی اور میڈیا کو وسیع کوریج ملی۔‘

’اس سے پوتن کو یہ ظاہر کرنے کا موقع ملا کہ اپنی کمزور پوزیشن کے باوجود، وہ سفارتی سطح پر سٹریٹجک کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ ٹرمپ اور شی جن پنگ کے ساتھ پوتن کی تصاویر اور ٹرمپ کی عوامی طور پر روسی صدر کو گلے لگانے کی تصاویر کریملن کے لیے ایک طاقتور علامت بن گئیں۔ اس سے یہ پیغام دینے میں مدد ملی کہ روس عالمی معاملات میں اہم ہے۔‘

ماہرین کیا کہتے ہیں؟

یوریشیا گروپ کے سینئر تجزیہ کار ڈومینک چیو نے امریکی اخبار دی فلاڈیلفیا انکوائرر کو بتایا کہ ’ہمیں اس پیش رفت پر زیادہ زور نہیں دینا چاہیے یا یہ نتیجہ اخذ نہیں کرنا چاہیے کہ بیجنگ ماسکو کی قیمت پر واشنگٹن کی طرف جھکاؤ رکھتا ہے۔ چین کی سفارتی حکمت عملی اس اختلاف کی بنیاد ہے۔‘

ڈومینک چیو کے مطابق شی جن پنگ کا ذاتی طور پر ٹرمپ کے استقبال کے لیے پہنچنا اس بات کی علامت ہو سکتی ہے کہ چین امریکہ کے ساتھ مستحکم تعلقات برقرار رکھنا چاہتا ہے۔

یہ امریکی صدر کی طرف سے دیے گئے استقبال کا جواب بھی تھا، جنھوں نے ستمبر میں جوائنٹ بیس اینڈریوز اڈے پر شی جن پنگ کا ذاتی استقبال کیا تھا۔

ڈومینیک نے کہا کہ چین اور روس کے درمیان شراکت داری پہلے ہی بہت مضبوط ہے۔ شی جن پنگ اور پوتن ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے ہیں اور دونوں رہنما ٹرمپ سے زیادہ ملاقاتیں کر چکے ہیں۔

سٹیمسن سینٹر میں چائنا پروگرام کے ڈائریکٹر یون سن کا بھی خیال ہے کہ استقبالیہ میں اس فرق سے چین اور روس کے تعلقات پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔

اُنھوں نے کہا کہ چین کو امریکہ اور روس دونوں کی ضرورت ہے، لیکن مختلف وجوہات کی بنا پر۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات کو سنبھالنے کی ضرورت ہے، جب کہ روس چین کا پارٹنر ہے۔

بروکنگز انسٹی ٹیوشن کے ایک سینئر فیلو ریان ہاس نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’شی جن پنگ نے خود کو اس پورے پروگرام کے مرکز میں رکھا۔ انھوں نے سپر پاورز کے درمیان ایک اہم کردار ادا کیا اور اس میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اس تقریب کی تصاویر سے شی جن پنگ کی سیاسی پوزیشن مزید مضبوط ہو گی۔‘

اجلاس کے بعد تینوں ممالک کی طرف سے جاری کردہ امن کے اعلامیے میں چین کے کئی دیرینہ موقف شامل تھے، جن میں اقوام متحدہ جیسے کثیرالجہتی اداروں میں اصلاحات کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ٹرمپ کو کیا حاصل ہوا؟

رواں ماہ کے اوائل میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ٹرمپ کی ریپبلکن پارٹی کو عبرتناک شکست کے بعد اس تقریب کی شان و شوکت ہی شاید وہی چیز تھی جو امریکی صدر سب سے زیادہ چاہتے تھے۔

ایسے میں ایشیا کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران انھوں نے پوری دنیا کی توجہ حاصل کی اور امریکہ، روس اور چین کے درمیان ہونے والی پہلی سہ فریقی ملاقات کی تاریخی اہمیت کا خوب لطف اٹھایا۔

بدھ کے روز فاکس نیوز کے ساتھ ایک انٹرویو میں، ٹرمپ نے ایپک ڈنر میں اپنے نمایاں مقام اور چین پہنچنے پر شاندار استقبال کا ذکر کیا۔

انھوں نے کہا کہ ’شاندار استقبال، خوبصورتی، شاندار تقریبات اور ہزاروں افراد‘ اس بات کا ثبوت ہیں کہ ان کا دورہ پہلے ہی کامیاب رہا ہے۔

تاہم، اس سہ فریقی اجلاس کے بعد اب تک امریکہ کی جانب سے غیر معمولی طور پر کچھ بیانات سامنے آئے ہیں۔

چین نے فوری طور پر ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں مذاکرات کی تفصیل دی گئی، جب کہ پوتن نے ملاقات کے بعد ایک گھنٹے کی پریس کانفرنس میں اپنے خیالات کی وضاحت کی۔

لیکن ٹرمپ نے بہت کم عوامی تبصرہ کیا ہے۔ اس کے بجائے انھوں نے جمعہ کو وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کا وعدہ کیا ہے۔

اس سال کے شروع میں اپنے دورہ چین کے دوران اور گذشتہ اکتوبر میں جنوبی کوریا میں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپک) سربراہی اجلاس میں شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد، ٹرمپ نے واشنگٹن واپس آتے ہوئے طیارے میں میڈیا سے بات کی۔

فی الحال، وائٹ ہاؤس جمعرات کو جاری کردہ ایک مشترکہ بیان کے ذریعے اس گفتگو کا جواب دے رہا ہے۔

یہ بیان تینوں رہنماؤں کی ملاقات کے بعد جاری کیا گیا۔ تاہم، دستاویز زیادہ تر ’سٹریٹجک استحکام اور بین الاقوامی سلامتی‘ کو یقینی بنانے کی کوششوں کے لیے مبہم حمایت فراہم کرتی ہے۔

تین طاقتور لیڈروں کی ایک ہی کمرے میں بیٹھ کر عالمی مسائل پر خوش اسلوبی سے گفتگو کرنے کی ایسی تصاویر کا سامنے آنا اس بات کی یقین دہانی کر سکتا ہے کہ مستقبل قریب میں کوئی تباہ کن تنازعہ نہیں ہوگا۔

،تصویر کا ذریعہGetty Images

لیکن ’مذاکرات‘ جاری رکھنے کے وعدوں اور اس اعتراف کے علاوہ کہ جوہری جنگ ’کبھی نہیں لڑنی چاہیے‘، بیان بازی بہت کم اہمیت رکھتی ہے۔

امریکہ اور چین کے تعلقات پر کام کرنے والی بش فاؤنڈیشن کے سربراہ ڈیوڈ فائرسٹین نے بی بی سی کو بتایا: ’مجموعی طور پر یہ اچھی بات ہے کہ دنیا کی بڑی طاقتوں کے رہنما مختلف طریقوں سے اکٹھے ہو رہے ہیں، چاہے نتائج معمولی ہی کیوں نہ ہوں۔‘

’صاف شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار اور سپلائی‘ کو فروغ دینے کی کال کا مقصد ممکنہ طور پر پوتن ہے، کیونکہ روس بین الاقوامی منڈی میں فوسل فیول کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔

مزید برآں، بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کی مذمت کو نظر انداز کرنا مشکل تھا، جو حالیہ دنوں میں امریکی غصے کا نشانہ بنی ہوئی ہے۔

اگر دنیا کی تین بڑی طاقتوں کے رہنما ایک بات پر متفق ہو سکتے ہیں تو وہ یہ ہے کہ بین الاقوامی قانون کے نفاذ کی کوشش کرنے والی کثیر الجہتی عالمی تنظیموں کو اپنی کوششوں کو آگے بڑھانے کے لیے کافی اختیار نہیں ہونا چاہیے۔

چین میں رہتے ہوئے ٹرمپ نے پوتن کو اپنا ’دوست‘ کہا۔ چینی رہنما شی جن پنگ سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے کے بعد، اُنھوں نے شی جن پنگ کے ساتھ اپنے ’بہترین ذاتی تعلقات‘ کی بھی تعریف کی۔

لیکن واشنگٹن واپس آنے کے بعد ٹرمپ کو سیاسی ماحول کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جہاں ان کے ایشیا کے دورے پر ملے جلے ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

یوٹاہ سے ریپبلکن پارٹی کے سینیٹر جان کرٹس نے جمعرات کو بی بی سی کو بتایا، ’میں اس بات پر فکر مند ہوں کہ ہم جغرافیائی سیاسی مخالفین کے ساتھ اپنے تعلقات کو کس طرح پیش کر رہے ہیں۔ ولادیمیر پوٹن اور شی جن پنگ ہمارے دوست نہیں ہیں۔‘

اُنھوں نے کہا کہ سفارت کاری اہم ہے، لیکن یہ ہمارے مخالف کون ہیں اس بارے میں وضاحت کھونے کی قیمت پر نہیں آنا چاہیے۔

'BBC News اردو' ایڈیشن کا انتخاب کریں اور نیوز الرٹس، تحقیقاتی اور تفصیلی رپورٹس، سب کچھ ایک ہی جگہ پر حاصل کریں۔

نوٹ: نئی ایپ برطانیہ اور امریکہ میں دستیاب نہیں ہے اور اس کا انگریزی زبان میں ایڈیشن موجود نہیں۔

Source: BBC Urdu · انتھونی زرچر

At a glance

Topic
World
Country
🇵🇰 PK
Publisher language
UR
Added to Allnira