،تصویر کا ذریعہx.com/CNSpaceStation
چین نے شینژو۔24 انسانی خلائی مشن کے عملے کا با ضابطہ اعلان ہوا اور اس میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کو شامل کیے جانے کی خبر سامنے آئی۔
محمد ذیشان علی کا کہنا ہے کہ ’اس تاریخی مشن میں شرکت کو وہ صرف ذاتی کامیابی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی سمجھتے ہیں۔‘
رواں سال چین کے انسانی خلائی پروگرام کے تحت پاکستانی امیدوار کے طور پر منتخب ہونے کے بعد محمد ذیشان علی نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی۔
اس میں چینی زبان سیکھنے، خلائی جہاز کے نظام کو سمجھنے، صفر کششِ ثقل سے متعلق تربیت اور سخت جسمانی مشقیں شامل تھیں۔
محمد ذیشان علی نے کہا ہے کہ وہ خلا میں جاتے ہوئے صرف اپنی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کی امیدوں اور خوابوں کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
چین کے سرکاری اخبار شنگھائی ڈیلی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیے گئے بیان میں محمد ذیشان علی نے کہا کہ ’بطور پاکستانی میں اپنے ساتھ پاکستانی عوام کے خواب لے کر جا رہا ہوں۔‘
’چین اور پاکستان کے لوگ ہم سے توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔ خلا میں مل کر کام کرتے ہوئے ہم انسانیت کے مستقبل کے لیے ایک ساتھ کوشش کر رہے ہیں۔‘
شنگھائی ڈیلی کے مطابق محمد ذیشان علی شینژو۔24 مشن کے دوران خلا میں پاکستان کے منتخب کردہ چار سائنسی تجربات اور ٹیسٹ انجام دیں گے۔
ایکس ہینڈل ’سی این سپیس‘ پر اپ لوڈ کی گئی گفتگو میں محمد ذیشان علی نے اپنی تربیت کے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بطور فائٹر پائلٹ انھیں سخت جسمانی اور تکنیکی تربیت سے گزرنا پڑا۔
ان کے مطابق ’میں سنٹری فیوج ٹریننگ، ریسکیو اینڈ سروائیول ٹریننگ اور ایمرجنسی پروسیجر ٹریننگ سمیت مختلف مراحل سے گزرا ہوں، لیکن سچ پوچھیں تو سب سے بڑا چیلنج چینی زبان میں مہارت حاصل کرنا تھا۔‘
انھوں نے کہا کہ خلائی جہاز کے تمام سوئچز، سافٹ ویئر، پروگرامز اور صوتی اعلانات چینی زبان میں ہوتے ہیں، اس لیے انہیں نہ صرف روزمرہ کی چینی بلکہ تکنیکی اصطلاحات پر بھی عبور حاصل کرنا پڑا۔
محمد ذیشان علی نے اپنے چینی ساتھی خلا بازوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ انھیں ایسے ساتھی ملے جو ان کی ’رائے کا احترام کرتے ہیں اور ہم مل کر کسی بھی صورتحال کا مشترکہ حل نکالتے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ عملے کے ارکان کے درمیان تعاون، ہم آہنگی اور دوستی دراصل ’پاکستان اور چین کے تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔‘ تاہم محمد ذیشان علی کا اصل کام صرف خلائی سفر کرنا نہیں بلکہ پاکستان کے منتخب کردہ سائنسی تجربات کو خلا میں انجام دینا بھی ہو گا۔
پاکستان کی خلائی ایجنسی سپارکو کو ملکی جامعات اور تحقیقی اداروں سے 300 سے زیادہ تجاویز موصول ہوئی تھیں، جن میں سے چار تجربات کو چینی ماہرین نے اس مشن کے لیے منتخب کیا۔
یہ تجربات بنیادی طور پر حیاتیاتی سائنس (بایوٹیکنالوجی) سے متعلق ہیں اور ان کا مقصد غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور مستقبل کی خلائی تحقیق کے شعبوں میں نئی معلومات حاصل کرنا ہے۔
Source: BBC Urdu · BBC News اردو
At a glance
- Topic
- World
- Country
- 🇵🇰 PK
- Publisher language
- UR
- Added to Allnira