اہلیہ، بچوں سے ملنے کی خواہش اور دریائے نیلم کی بے رحم لہریں: انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے شہری کی میت مظفرآباد میں اہلخانہ کے حوالے

iran hasan Shah and a view of neelum river

،تصویر کا ذریعہMasqood Muntazir/ Getty Images

    • مصنف, نصیر چوہدری
    • عہدہ, صحافی
  • وقت اشاعت 4 منٹ قبل

  • مطالعے کا وقت: 9 منٹ

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں حکام نے دریائے نیلم سے ملنے والی عرفان حسن شاہ نامی شخص کی میت مظفر آباد میں موجود اُن کی اہلیہ اور بچوں کے حوالے کر دی ہے، جس کے بعد اُن کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

کشمیر انتظامیہ کے مطابق عرفان حسن شاہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے رہائشی تھے، جو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں موجود اپنی اہلیہ اور بچوں سے ملنے کی مبینہ کوشش کے دوران دریائے نیلم میں ڈوب کر ہلاک ہوئے تھے۔

انڈین حکومت نے اپریل 2025 میں پیش آئے پہلگام واقعے کے بعد انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں مقیم عرفان حسن شاہ کی اہلیہ اور بچوں کو پاکستانی ہونے کی وجہ سے ڈی پورٹ کر دیا تھا، جس کے بعد یہ خاندان مظفر آباد میں مقیم تھا، مگر عرفان انڈین شہری ہونے کے باعث ضلع بارہمولہ ہی میں رہ گئے تھے۔

عرفان کے اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ بارہمولہ میں موجود اُن کے والد گاہے بگاہے اُن سے رابطہ کرتے رہتے تھے اور اُن کا آخری رابطہ لگ بھگ 15 روز قبل ہوا تھا جس میں عرفان حسن شاہ نے کہا تھا کہ وہ تمام تر رکاوٹوں کے باوجود ہر صورت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پہنچنے کی کوشش کریں گے۔

اہلخانہ کا کہنا ہے کہ اُس کے بعد والد کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، مگر بعد میں دریائے نیلم کی اُن کی میت ملنے کی اطلاع موصول ہوئی۔

عرفان حسن شاہ کی میت ملنے کے بعد یہ تنازع پیدا ہوا تھا کہ انڈین شہری ہونے کے باعث آیا اُن کی میت انڈین حکام کے حوالے کی جائے یا پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر مظفر آباد میں موجود اُن کی اہلیہ اور بچوں کے۔

اسسٹنٹ کمشنر اٹھمقام چوہدری بشارت نے بی بی سی اُردو کو بتایا کہ عرفان حسن شاہ کی میت انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں موجود اُن کے بھائی اور بہنوں کی اجازت سے، مظفر آباد میں مقیم اُن کی اہلیہ اور بچوں کے حوالے کی گئی۔

اسسٹنٹ کمشنر کے مطابق جب مرنے والے شخص کے بیوی اور بچے موجود ہوں، تو وراثتی حق کے اعتبار سے وہ بنیادی حقدار ہوتے ہیں اور اسی لیے تمام متعلقہ اجازتیں اور ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت بیوی بچوں کے حوالے کی گئی۔

Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

  • مولانا فضل الرحمان

  • 28 سالہ بھوشن ٹھاکرے، جو مہاراشٹر کے رہنے والے ہیں، نے ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں ایک کروڑ روپے جیتے ہیں۔

  • Shivangi Singh a Delhi university graduate, married Rishikesh Kumar on Wednesday

  • Karachi

End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

مقامی افراد کے مطابق یہ صرف ایک واقعہ نہیں بلکہ کشمیر کی تقسیم کے باعث بچھڑے ایک خاندان کی جدائی، بے بسی اور آخری ملاقات کی خواہش کا المیہ ہے۔ مگر اہم سوال یہ ہے کہ عرفان حسن شاہ کون تھے؟ انھوں نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں شادی کیسے کی اور اُن کی میت کیسے ملی اور پھر میت کی حوالگی پر کیا تنازع ہوا؟

23 نومبر: دریائے نیلم سے نامعلوم لاش کی برآمدگی

neelum

،تصویر کا ذریعہDMA

،تصویر کا کیپشن23 نومبر کی صبح تقریباً 11 بجے کیرن کے قریب دریائے نیلم سے عرفان حسن شاہ کی میت ایک ریکوری آپریشن کے بعد نکالی گئی تھی

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

23 نومبر کو پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں ضلع نیلم کے حکام کو کیرن کے علاقے میں بہنے والے دریائے نیلم میں ایک لاش کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی۔

ابتدا میں حکام اور مقامی آبادی کا خیال تھا کہ شاید کوئی انجان شخص بے رحم دریا کی لہروں کا نشانہ بن گیا ہے۔

ضلع نیلم کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے سربراہ اختر ایوب کے مطابق 23 نومبر کی صبح تقریباً 11 بجے کیرن کے قریب دریائے نیلم سے یہ لاش نکالی گئی۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نیلم کی ٹیم نے کشمیر بوٹنگ کلب (شاردہ)، پاکستان آرمی یونٹ کیرن اور مقامی پولیس کی مدد سے ڈیڈ باڈی ریکور ہوئی۔

اُن کے مطابق میت کی جیب سے گورنمنٹ آ ف انڈیا کا کارڈ موصول ہوا، جس پر اُس شخص کا نام اور شناخت موجود تھی، جس کے بعد یہ میت ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دی گئی۔

جیب سے ملنے والی دستاویزات کے مطابق اُس شخص کی شناحت انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد ڈنگی وچھا کے رہائشی کے طور پر ہوئی تھی۔

ضلعی انتظامیہ نے عوامی اطلاع کے لیے عرفان حسن شاہ کا کارڈ، میت کی تصویر اور دیگر تفصیلات سوشل میڈیا کے ذریعے شیئر کیں تو اس کی اطلاع پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے شہر مظفر آباد میں مقیم اُن کے بچوں اور اہلیہ تک پہنچی جنھوں نے حکام سے رابطہ کیا اور اُس شحص کی شناحت اپنے والد کے طور پر کی۔

عرفان کے اہلخانہ اور مقامی حکام کو شبہ ہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں اپنے بیوی، بچوں سے ملنے کے لیے عرفان نے ضلع بارہمولہ سے ضلع نیلم تک کا سفر کیا اور شاید وہ سمجھے ہوں گے کسی نہ کسی طرح زور آور دریائے نیلم (جو بعض مقامات پر انڈیا اور پاکستان کے درمیان لائن آف کنٹرول کا کام بھی کرتا ہے) عبور کر کے اپنے اہلخانہ سے جا ملیں گے۔

اہلخانہ کا دعویٰ ہے کہ عرفان نے چند روز قبل ہر صورت میں اپنے پاکستان پہنچنے کا عندیہ دیا تھا۔ اہلخانہ اور حکام کو شبہ ہے کہ دریا کی دوسری جانب پہنچنے کے بجائے وہ تیز لہروں کی نذر ہو گئے ہوں گے۔

میت کی حوالگی میں تاخیر

،تصویر کا ذریعہMasqood Muntazir

عرفان حسن شاہ کی میت ملنے کے بعد اُس کی حوالگی پر تنازع بھی کھڑا ہوا جس کے باعث میت حوالگی اور تدفین میں تاخیر بھی ہوئی۔

یاد رہے کہ پاکستان اور انڈین حکام کے درمیان معاہدے کے تحت ایک، دوسرے کے شہریوں کی لاشیں جلد از جلد اور ضروری قانونی کارروائی کے بعد اُن کے ممالک کو واپس بھیجی جاتی ہیں۔

ڈپٹی کشمنر نیلم نے بی بی سی کو بتایا کہ دریا سے میت کی برآمدگی اور اُس کی شناخت کے بعد ڈیڈ باڈی انتظامیہ کے پاس رہی کیونکہ یہ فیصلہ ہونا تھا کہ کیا میت انڈیا، پاکستان معاہدے کے تحت انڈیا واپس بھجی جائے گی یا مظفر آباد میں مقیم اُن کی اہلیہ اور بچوں کے حوالے کی جائے۔

اُن کا کہنا ہے کہ عرفان کے تین بیٹے اور اہلیہ مظفرآباد میں رہائش پزیر ہیں۔

اسسٹنٹ کمشنر اٹھمقام چوہدری بشارت نے بی بی سی اُردو کو بتایا کہ عرفان حسن شاہ کی میت انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں موجود اُن کے بھائی اور بہنوں کی اجازت اور اس ضمن میں ضروری قانونی کارروائی کے بعد، مظفر آباد میں مقیم اُن کی اہلیہ اور بچوں کے حوالے کی گئی۔

تاہم حکام کے مطابق اس کارروائی میں تین روز لگے، جس کے بعد مظفرآباد میں اُن کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔

عرفان حسن شاہ کون تھے اور اُن کا خاندان کیسے بٹا؟

،تصویر کا ذریعہMaqsood Muntazir

،تصویر کا کیپشنعرفان حسن شاہ 20 سال کے تھے جب سنہ 1992 میں وہ لائن آف کنٹرول عبور کر کے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر آئے تھے

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں مقیم عرفان حسن شاہ کی اہلیہ کے بھائی اختر نے بی بی سی کو بتایا کہ دراصل عرفان سنہ 1992 میں لائن آف کنٹرول عبور کر کے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر آ گئے تھے۔ عرفان حسن شاہ کا تعلق انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد ڈنگی وچھا سے تھا۔

اہلیہ کے بھائی کے مطابق عرفان نے 20 سال کی عمر میں سنہ 1992 میں اُس وقت لائن آف کنٹرول عبور کی تھی جب انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں نوجوان سرحد پار کر کے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر آ رہے تھے۔

اہلیہ کے بھائی اختر کے مطابق عرفان حسن شاہ بھی جوانی کی دہلیز پر قدم رکھتے ہی اپنے آبائی علاقے سے نکل آئے اور یہاں پہنچ کر انھوں نے کشمیر کے ضلع میرپور میں تعلیم حاصل کی، جہاں 1998 سے 2002 کے دوران ایف اے اور گریجویشن کی تعلیم مکمل کی۔

اُن کا کہنا ہے کہ عرفان نے پھر شادی کا فیصلہ کیا اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں ہی اپنا گھر آباد کیا۔ اُن کی شادی مظفرآباد کے علاقے چکار میں ہوئی۔

اہلیہ کے بھائی کے مطابق عرفان سنہ 2008 تک پاکستان کے زیر انتظام کشمیر رہے اور بعد ازاں اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ نیپال کے راستہ واپس انڈیا کے زیر انتظام کشمیر چلے گئے جہاں انھوں نے زندگی کا نیا سفر شروع کیا۔

عرفان کے اہلیہ کے ایک اور رشتہ دار فاروق میر نے بتایا کے عرفان نے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بہت اچھا وقت گزارا تھا اور شادی کے بعد ان کے ہاں یہاں ہی دو بچوں کی پیدائش ہوئی جس سے وہ بہت زیادہ خوش تھے۔

فاروق میر کے مطابق چونکہ عرفان کے والدین اور بہن بھائی بدستور انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں موجود تھے، اسی لیے پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 16 سال گزارنے کے بعد وہ واپس جانے کے لیے تیار ہوئے۔

اُن کے مطابق سنہ 2008 میں جب تقسیم ہوئے خاندانوں میں واپسی کی اجازت ہوئی، تو عرفان شاہ بھی اپنی اہلیہ اور بچوں کو ساتھ لے کر واپس انڈیا کے زیر انتظام کشمیر اپنے والدین کے پاس چلے گئے۔

فاروق میر اور اختر نے تصدیق کی کہ مارچ 2025 میں پیش آئے پہلگام واقعے کے بعد جب پاکستان اور انڈیا میں کشیدگی بڑھی تو اُس سے عرفان حسن شاہ کے خاندان کی زندگی بھی متاثر ہوئی کیونکہ انڈین حکومت نے پاکستان سے تعلق رکھنے والے افراد کو واپس اُن کے ملک بھیجنے کا فیصلہ کیا۔

اہلخانہ کے مطابق اس فیصلے کے نتیجے میں عرفان حسن شاہ کی اہلیہ اور اُن کے بیٹوں کو بھی پاکستان واپس ڈی پورٹ کر دیا گیا جبکہ عرفان انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں رہ گئے۔

عرفان کی اہلیہ اس وقت مظفر آباد میں اپنے بھائی کے ہمراہ رہتی ہیں۔

مظفرآباد میں مقیم اہلیہ کے رشتہ دار مقصود منتظر نے بتایا کہ اپنے والدین کی وفات اور بیوی، بچوں کی جدائی کے باعث عرفان اپنے آبائی علاقے میں تنہا رہ گئے تھے اور اس کا اظہار وہ اپنی اہلیہ اور بچوں سے بھی کرتے رہتے تھے۔

منتظر کے مطابق جب کبھی فون پر رابطہ ہوتا تھا تو وہ بچوں کے ساتھ بات کرنے سے مزید دُکھی ہو جاتے تھے اور ملنے کے طریقوں پر بات کرتے رہتے تھے۔

منتظر کا کہنا ہے کہ بظاہر اُن کو شاید یہ طریقہ سمجھ میں آیا ہو کہ اگر وہ دریائے نیلم عبور کر لیں تو وہ دوبارہ بیوی، بچوں سے مل پائیں گے۔

نماز جنازہ کی ادائیگی

،تصویر کا ذریعہNaseer Chaudhary

،تصویر کا کیپشنعرفان حسن شاہ کی نماز جنازہ میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی

عرفان شاہ کی میت کو ابتدا میں سی ایم ایچ منتقل کیا گیا تھا اور ضروری کارروائی کے بعد یہ میت 25 نومبر کو مظفر آباد میں مقیم اہلیہ اور بچوں کے حوالے کی گئی۔

عرفان شاہ کی میت جب بیوی، بچوں کی رہائشگاہ پر پہنچی تو اُس وقت انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے اور اُن کے اہلخانہ دھاڑیں مار کر روتے رہے۔

بعد ازں مظفرآباد کی عیدگاہ میں اُن کی نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں مظفر آباد میں مقیم کشمری مہاجرین سمیت شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کے مختلف کیمپوں میں تقریباً 48 ہزار کشمیری مہاجرین مقیم ہیں، یہ تمام وہ خاندان ہیں جو لائن آف کنٹرول کے اطراف بٹے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک میں کشیدگی کے باعث اپنے پیاروں سے نہیں مل پاتے ہیں۔

کشمیری مہاجر رہنما حامد کشمیری نے بی بی سی کو بتایا کہ عرفان شاہ اُن کے دوست تھے کیونکہ جب وہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں مقیم تھے تو ساتھ میں کاروبار کرتے تھے۔

حامد کشمیری کے مطابق اہلیہ اور بچوں کے ڈی پورٹ ہونے کے بعد سے عرفان بچوں سے ملنے کی کوششوں میں مصروف رہتا تھا، تاہم وہ زندہ تو نہیں پہنچ سکا مگر اُس کی میت بلآخر اُن کی اہلیہ اور بچوں تک پہنچ گئی۔

انھوں نے کہا کہ کمشیر بہت سے خاندان اسی نوعیت کی غیر یقینی صورتِحال میں زندگی گزار رہے ہیں کہ انھیں کب اور کس وقت اپنے بچھڑے ہوئے پیاروں سے دوبارہ ملنے کا موقع ملے گا۔

Source: BBC Urdu · نصیر چوہدری

At a glance

Topic
World
Country
🇵🇰 PK
Publisher language
UR
Added to Allnira