افغانستان میں طالبان کے اقتدار نے دنیا بھر میں جہادی تحریکوں کو کیا نیا راستہ دکھایا؟

Afghanistan

،تصویر کا ذریعہReuters

    • مصنف, مینا اللامی
    • عہدہ, بی بی سی مانیٹرنگ
  • وقت اشاعت 3 منٹ قبل

  • مطالعے کا وقت: 12 منٹ

امریکہ میں القاعدہ کے 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے تقریباً 25 سال بعد اور داعش کی نام نہاد خلافت کے خاتمے کے برسوں بعد، عالمی جہادی تحریک کا منظرنامہ خاصا بدل چکا ہے۔

سنہ 2021 میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار میں واپس آنے کو بہت سے جہادی حلقوں نے اس بات کے ثبوت کے طور پر دیکھا کہ طویل مسلح جدوجہد بالآخر اقتدار تک پہنچا سکتی ہے۔ اس کے بعد بعض جہادی گروہوں نے عالمی ایجنڈے کے بجائے مقامی سطح پر طاقت حاصل کرنے اور اپنے علاقوں میں جڑیں مضبوط کرنے پر زیادہ توجہ دینا شروع کر دی۔

مغربی ممالک پر حملوں یا عالمی اسلامی ریاست کے قیام کے نعروں کے بجائے، بعض گروہ، خصوصاً القاعدہ سے وابستہ تنظیمیں، اب اپنے اپنے خطوں میں اثر و رسوخ بڑھانے اور مقامی اتحادی تلاش کرنے کی حکمت عملی اپناتی دکھائی دیتی ہیں۔

چاول، پاستا، چینی، کھانے کا تیل اور پھلیاں ایسی چیزیں نہیں جنھیں عام طور پر جہادی پروپیگنڈے سے جوڑا جاتا ہے۔ لیکن اگست میں القاعدہ کی صومالی شاخ الشباب نے دعویٰ کیا کہ اس کی ایک ’خیراتی‘ تنظیم نے سینکڑوں ضرورت مند خاندانوں میں یہ اشیا تقسیم کیں۔ گروہ نے اس سرگرمی کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ریڈیو سٹیشن کے ذریعے بھرپور انداز میں اجاگر بھی کیا۔

جنوبی اور وسطی صومالیہ کے وسیع دیہی علاقوں پر اثر و رسوخ رکھنے والا الشباب 2026 کے دوران اپنے نام نہاد انسانی ہمدردی کے کاموں کو مسلسل نمایاں کرتا رہا ہے۔ ایک ویڈیو میں ایک مقامی خاتون کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا، ’اللہ انھیں جزا دے۔‘

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ صرف امدادی سرگرمی نہیں بلکہ مقامی آبادی کا اعتماد حاصل کرنے اور خود کو محض ایک مسلح جہادی تنظیم کے بجائے ایک فلاحی اور سماجی قوت کے طور پر پیش کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

امریکہ میں القاعدہ کے 11 ستمبر 2001 کے حملوں کے تقریباً 25 سال بعد اور داعش کی جانب سے عراق و شام میں اپنی نام نہاد خلافت کے اعلان کے 12 برس گزرنے کے بعد، عالمی جہادی تحریک کا منظرنامہ خاصا بدل چکا ہے۔

مغربی ممالک پر حملوں یا عالمی اسلامی ریاست کے قیام کے نعروں کے بجائے، بعض جہادی گروہ، خصوصاً القاعدہ سے وابستہ تنظیمیں، اب اپنے اپنے علاقوں میں اثر و رسوخ اور سیاسی طاقت حاصل کرنے پر زیادہ توجہ دیتی نظر آتی ہیں۔

Skip سب سے زیادہ پڑھی جانے والی and continue reading

سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

  • LIVE

  • پاکستان اے بمقابلہ بنگلہ دیش اے

  • 28 اپریل 2016 کو روس کے امور (آمور) ریجن میں واقع مشرقی سائبیرین شہر تسیولکوفسکی (سابقہ یوگلیگورسک) کے قریب سویوز 2.1 اے راکٹ لانچ کیا گیا۔ روس کی نئی خلائی تنصیب سے یہ پہلا راکٹ لانچ تھا، جو تعمیراتی تاخیر اور مختلف مشکلات کے بعد انجام پای

  • ڈولی برائی

End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

اس مقصد کے لیے وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ لچک اور سمجھوتے کا مظاہرہ بھی کر رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ جہادی حلقوں میں ایک نئی بحث جنم لے رہی ہے۔ ایک طرف وہ سخت گیر عناصر ہیں جو کسی بھی قسم کے سمجھوتے کو نظریاتی انحراف سمجھتے ہیں، جبکہ دوسری جانب عملیت پسند دھڑا ہے جو مقامی گروہوں، قبائلی قوتوں اور حتیٰ کہ سابق دشمنوں کے ساتھ تعاون کو طاقت حاصل کرنے کا مؤثر ذریعہ قرار دیتا ہے۔

تاہم بنیادی سوال اب بھی برقرار ہے: کیا یہ واقعی نظریاتی تبدیلی ہے، یا صرف حکمت عملی کا نیا رخ؟ کیا یہ گروہ اپنے مقاصد بدل رہے ہیں، یا وہی پرانا ہدف، یعنی اپنی سخت گیر شریعت پر مبنی ریاست کا قیام، نئے طریقوں سے حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں؟

لوگ بڑے تھیلوں اور بڑی پیلی بوتلوں کے پاس اور ان کے اوپر بیٹھے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہTelegram

،تصویر کا کیپشنالشباب اپنے انسانی ہمدردی کے کام کو نمایاں کرتا رہا ہے

نمایاں شکستیں

تخطى بی بی سی اُردو موبائل ایپ وواصل القراءة

بی بی سی اُردو موبائل ایپ نهاية

نہ القاعدہ اور نہ ہی داعش اپنے اس بڑے ہدف کو حاصل کر سکی ہیں جس کے تحت وہ ایک یا ایک سے زیادہ ممالک پر قبضہ کر کے وہاں اسلام کی اپنی سخت گیر تشریح کے مطابق نظام نافذ کرنا چاہتی تھیں۔

دونوں تنظیموں کو بڑی فوجی شکستوں کا سامنا کرنا پڑا، ان کی قیادت کو شدید نقصان پہنچا اور برسوں تک بین الاقوامی دباؤ کا سامنا رہا۔ داعش، جو ایک وقت میں عراق اور شام کے وسیع علاقوں پر قابض تھی، 2019 میں اپنا آخری علاقائی گڑھ بھی کھو بیٹھی۔

تاہم اس کا یہ مطلب نہیں کہ جہاد پسندی ختم ہو گئی ہے۔ بلکہ اس کا مرکز بدلتا دکھائی دیتا ہے۔ آج افریقہ جہادی سرگرمیوں کا اہم میدان بن چکا ہے، جہاں القاعدہ سے وابستہ گروہ، خصوصاً ساحل کے خطے میں سرگرم جنیم اور صومالیہ میں الشباب، طویل شورشوں میں مصروف ہیں۔ دوسری جانب داعش کی شاخیں نائجیریا، موزمبیق، جمہوریہ کانگو، ساحل اور صومالیہ میں فعال ہیں۔

اس پس منظر میں شام کے موجودہ رہنما احمد الشرع ایک دلچسپ مثال کے طور پر سامنے آتے ہیں۔ کبھی جہادی حلقوں کا حصہ رہنے والے الشرع، جو ابو محمد الجولانی کے نام سے جانے جاتے تھے، دسمبر 2024 میں اقتدار میں آئے اور بعد ازاں مغربی رہنماؤں نے بھی ان سے روابط استوار کیے۔

داعش اور القاعدہ سے وابستہ ماضی رکھنے کے باوجود انھوں نے بتدریج دونوں تنظیموں سے فاصلہ اختیار کیا، عالمی جہاد کے بیانیے سے خود کو الگ کیا اور اپنی توجہ شام کے اندر طاقت حاصل کرنے پر مرکوز رکھی۔ ادلب میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے بعد انھوں نے غیر اسلام پسند گروہوں اور بیرونی طاقتوں کے ساتھ بھی تعاون کا راستہ اپنایا۔

جب ہیئت تحریر الشام دمشق کی جانب بڑھ رہی تھی تو اس کی قیادت نے عالمی برادری کو یقین دہانی کرانے کی کوشش کی کہ وہ روایتی جہادی طرزِ حکومت نافذ کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔ اس مقصد کے لیے روس سمیت مختلف ممالک سے رابطے بھی کیے گئے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہی عملیت پسندی، اور ساتھ ہی روس اور ایران جیسے بشار الاسد کے حامیوں کی کمزور ہوتی پوزیشن، الشرع کی کامیابی کے اہم عوامل ثابت ہوئے۔ لیکن اس سے بھی زیادہ غیر معمولی بات یہ تھی کہ ایک سابق جہادی کمانڈر کو بعد میں عالمی رہنماؤں، حتیٰ کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، کی جانب سے بھی قبولیت حاصل ہوئی۔

یہی مثال اس وسیع تر سوال کو جنم دیتی ہے: کیا جہادی تحریکیں واقعی بدل رہی ہیں، یا وہ اپنے دیرینہ مقاصد کے حصول کے لیے صرف نئے اور زیادہ قابلِ قبول طریقے اختیار کر رہی ہیں؟

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنوائٹ ہاؤس کے دورے کے دوران ٹرمپ نے الشرعہ سے مذاق بھی کیا

نومبر 2025 میں وائٹ ہاؤس کے دورے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے احمد الشرع سے غیر رسمی انداز میں ملاقات کی۔ انھوں نے مذاقاً ان سے پوچھا کہ ان کی کتنی بیویاں ہیں، اپنے برانڈ کا عطر ان پر چھڑکا اور انھیں ’بہت مضبوط رہنما‘ قرار دیا۔

جہادی حلقوں میں الشرع کی یہ کامیابی مختلف ردِعمل کا باعث بنی ہے۔ بعض کے نزدیک وہ اس بات کی مثال ہیں کہ عملیت پسندی اور سیاسی لچک کے ذریعے اقتدار تک پہنچا جا سکتا ہے۔ تاہم دوسرے انھیں اپنے نظریات اور مقاصد سے انحراف کی علامت سمجھتے ہیں۔

داعش نے شام کی نئی اسلام پسند حکومت کے خلاف جہاد کا اعلان کرتے ہوئے الشرع اور ان کے ساتھیوں کو ’مرتد‘ قرار دیا ہے اور اسی بنیاد پر سرکاری فورسز پر حملوں کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔ بعض دیگر سخت گیر علما نے بھی اسی نوعیت کے اعتراضات اٹھائے ہیں، اگرچہ انھوں نے کھلے عام الشرعہ کے خلاف مسلح جدوجہد کی حمایت نہیں کی۔

سنہ 2025 سے سخت گیر اور عملیت پسند جہادی دھڑوں کے درمیان یہ اختلاف ایک تلخ نظریاتی کشمکش کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ سوشل میڈیا اور آن لائن فورمز پر ایک دوسرے پر غداری اور نظریاتی انحراف کے الزامات لگائے جا رہے ہیں، جبکہ اپنے اپنے مؤقف کے دفاع میں متضاد کتابیں اور تحریریں بھی شائع کی جا رہی ہیں۔

یہ بحث دراصل ایک بڑے سوال کو جنم دیتی ہے: کیا جہادی تحریکیں واقعی بدل رہی ہیں، یا وہ اپنے پرانے مقاصد کے حصول کے لیے صرف نئے اور زیادہ قابلِ قبول راستے اختیار کر رہی ہیں؟

،تصویر کا ذریعہReuters

،تصویر کا کیپشنالشرع 2016 میں، جب وہ ایف بی آئی کو مطلوب ایک جہادی رہنما تھے

سخت گیر عناصر کے نزدیک، حد سے زیادہ سمجھوتہ اپنے بنیادی عقائد سے دستبرداری کے مترادف ہو سکتا ہے۔

اس میں اسلامی قانون کے ان کے سخت تصور کو نافذ نہ کرنا، ’انسان ساختہ‘ قوانین یا آئین کو قبول کرنا، انتخابات میں حصہ لینا، غیر اسلام پسند گروہوں کے ساتھ کام کرنا، یا ان حکومتوں سے تعلقات قائم کرنا شامل ہو سکتا ہے جنھیں وہ ’کافر‘ سمجھتے ہیں۔

سنہ 2021 میں افغانستان میں طالبان کی اقتدار میں واپسی بھی جہادیوں کے لیے ترغیب کا ایک اور ذریعہ تھی، کیونکہ اس نے دکھایا کہ ایک اسلام پسند تحریک برسوں تک مغرب کی حمایت یافتہ قوتوں سے لڑنے کے بعد بالآخر کسی ملک کا کنٹرول سنبھال سکتی ہے۔

اس نے مقامی گروہوں کے ساتھ روابط قائم کیے، آہستہ آہستہ ملک بھر میں اپنی طاقت مستحکم کی، بین الاقوامی سفارت کاری کا استعمال کیا، اور پھر تیز رفتار کارروائی کے ذریعے دارالحکومت کابل پر قبضہ کر لیا۔

مقصد کے حصول کا ایک ذریعہ؟

دو گروہ خاص طور پر توجہ کے مستحق ہیں: مالی اور صومالیہ میں القاعدہ کی شاخیں۔

اپریل کے آخر میں القاعدہ کی ساحلی شاخ جنیم نے نمایاں عملیت پسندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قوم پرست طوارق علیحدگی پسندوں کے ساتھ مل کر، جن کے خلاف وہ کبھی کبھار لڑتی رہی تھی، مالی کی فوجی حکومت کے خلاف ایک بڑی کارروائی شروع کی۔

یہاں تک کہ اس نے طوارق کو ’بھائی‘ بھی قرار دیا۔ تاہم صرف جنیم کی فوجی قوت ہی توجہ حاصل نہیں کر رہی، بلکہ یہ بھی کہ وہ اپنے آپ کو کس طرح پیش کر رہی ہے۔ اس کے پروپیگنڈے میں کبھی القاعدہ کے رہنما، نعرے اور عالمی جہاد کی اپیلیں نمایاں ہوتی تھیں۔

لیکن 2024 کے اواخر سے اس کی ویڈیوز سے القاعدہ کی روایتی شناخت تقریباً غائب ہو چکی ہے۔

اور عالمی مسلم مسائل کی بات کرنے کے بجائے، جنیم نے مقامی مسائل پر توجہ مرکوز کرنا شروع کر دی ہے، خود کو بدعنوان اور جابر حکمرانوں کے خلاف عام لوگوں کا محافظ ظاہر کرتے ہوئے۔

اس نے بار بار مالی کی فوجی حکومت اور اس کے روسی اتحادیوں پر شہریوں کو ہلاک کرنے اور لوگوں کی زندگیوں کو مزید خراب بنانے کے الزامات لگائے ہیں۔

اپریل میں اس نے ’تمام مخلص محب وطنوں‘ سے ’نئے مالی‘ کی تعمیر میں مدد کی اپیل کی، اور اسلامی قانون کے ساتھ امن، انصاف اور خوشحالی کا وعدہ کیا۔

اس نے یہاں تک اشارہ دیا کہ روس کے ساتھ ’متوازن تعلقات‘ قائم کیے جا سکتے ہیں، حالانکہ وہ روسی افواج کے خلاف لڑ رہی ہے جو مالی کی حکومت کی حمایت کر رہی ہیں۔

اس کی زبان دمشق کی طرف بڑھتے وقت روس کے بارے میں ایچ ٹی ایس کے مؤقف سے ملتی جلتی تھی۔

شام میں الشرع کے طرزِ عمل کے ساتھ مماثلتیں واضح ہیں: مقامی اتحاد قائم کرنا، ممکنہ دشمنوں کو یقین دہانی کرانا اور بیرونی طاقتوں کو مداخلت کا جواز نہ دینا۔

افریقہ کی سکیورٹی ماہر آمن بیزرہ کہتی ہیں کہ دونوں گروہوں میں مماثلتیں موجود ہیں، لیکن جنیم کی تبدیلی میں وقت لگ سکتا ہے۔

ان کے مطابق، ’جنیم نے واقعی ایچ ٹی ایس جیسی عملیت پسندی کے آثار دکھائے ہیں، تاہم اس کی نئی شناخت کا عمل سست رہا ہے کیونکہ گروہ بیک وقت نئے علاقوں میں پھیلنے اور مختلف ذرائع سے بھرتی کرنے پر بھی توجہ دے رہا ہے۔‘

طالبان بمقابلہ الشرع

فرانس 24 کے صحافی اور جہادی نیٹ ورک پر گہری نظر رکھنے والے وسیم نصر کے مطابق، کون سا راستہ اختیار کیا جائے، اس پر جنیم کی قیادت میں بھی بحث جاری ہے۔

ان کے مطابق ایک دھڑا طالبان کے ماڈل کی حمایت کرتا ہے، یعنی کم سے کم رعایتوں کے ساتھ طاقت کے ذریعے اقتدار حاصل کرنا۔

دوسرا دھڑا، جو ان کے بقول اس وقت زیادہ اثر و رسوخ رکھتا ہے، شام کی ایچ ٹی ایس جیسا راستہ اختیار کرنے کا حامی ہے، یعنی سمجھوتے اور وسیع تر اتحاد بنا کر جلد طاقت حاصل کرنا۔

نصر کا خیال ہے کہ جنیم دونوں ماڈلز سے استفادہ کر سکتی ہے، لیکن اس کی سیاسی ارتقا کے نتیجے میں القاعدہ سے علیحدگی ناگزیر ہے۔

جنیم کی طرح صومالیہ میں الشباب بھی سابق دشمنوں کے ساتھ مفاہمت پر آمادہ دکھائی دیتی ہے۔

بی بی سی مانیٹرنگ کے صومالیہ ماہر عبداللہی گوجی کے مطابق، الشباب نے اکتوبر میں صومالیہ کے ایک طاقتور قبیلے معاوصلے کے ساتھ جنگ بندی کی، جس کے جنگجو اس کے خلاف لڑائی میں صفِ اول میں تھے۔

گوجی کے مطابق اس کے بعد قبیلے نے اپنے جنگجو محاذ سے واپس بلا لیے، جس سے حکومت کی جہادی مخالف مہم کو شدید دھچکا پہنچا۔

ان کا خیال ہے کہ الشباب کو جلد یہ آزمانے کا موقع مل سکتا ہے کہ آیا وہ طاقت پر قبضہ کر کے ملک کے وسیع حصوں میں متبادل حکومت قائم کر سکتی ہے یا نہیں۔

افریقی یونین کی فورسز مالی مشکلات اور دسمبر میں مینڈیٹ کے خاتمے کے باعث صومالیہ سے نکل رہی ہیں۔

دوسری جانب صومالی حکومت سیاسی بحرانوں اور بغاوتوں کا سامنا کر رہی ہے، جس سے ایسی کمزوریاں پیدا ہو رہی ہیں جن سے الشباب فائدہ اٹھا سکتی ہے۔

کچھ جہادیوں کو توسیع کا موقع نظر آنے کی ایک اور وجہ یہ ہے کہ ان کے خیال میں مغربی حکومتوں کی ترجیحات بدل چکی ہیں۔

یوکرین کی جنگ، مشرق وسطیٰ میں امریکہ اور ایران کے تنازع، اور چین و روس کے ساتھ بڑھتی ہوئی رقابتوں کے باعث، جہادیوں سے لڑائی اب وہ ترجیح نہیں رہی جو 9/11 کے بعد تھی۔

سنہ 2021 میں افغانستان سے امریکی انخلا اور طالبان کی واپسی، اور اس کے بعد شام میں الشرع کا ابھرنا، اس تاثر کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنطالبان نے بہت سے جہادیوں کو متاثر کیا ہے

سکیورٹی پر تحقیق کرنے والے غیر منافع بخش ادارے سوفان سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کولن کلارک کہتے ہیں کہ بعض جہادی گروہوں نے یہ سیکھ لیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ براہِ راست تصادم سے گریز انھیں مغربی فوجی کارروائیوں سے بچا سکتا ہے اور وہ ’کسی اور دن لڑنے کے لیے زندہ رہ سکتے ہیں۔‘

اس کا یہ مطلب نہیں کہ مغرب نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی چھوڑ دی ہے۔

لیکن اگر جہادی یہ سمجھتے ہیں کہ مغرب مصروف یا مداخلت کے لیے کم آمادہ ہے، تو وہ طاقت حاصل کرنے کی کوششوں میں مزید جرات محسوس کر سکتے ہیں۔

تاریخ کے اسباق

اپنے سخت گیر حریف داعش کے برعکس، القاعدہ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے طویل عرصے سے کچھ حد تک لچک دکھاتی رہی ہے۔

لیکن تاریخ ایک وارننگ بھی دیتی ہے۔

سنہ 2011 کی عرب بیداری کے بعد، جس نے بڑی حد تک القاعدہ کو پس منظر میں دھکیل دیا، یمن، لیبیا اور تیونس میں وابستہ جہادی گروہوں نے القاعدہ کا نام استعمال کرنے کے بجائے مقامی حمایت حاصل کرنے کے لیے ’انصار الشریعہ‘ کا نام اختیار کیا۔

سنہ 2012 میں مالی میں، القاعدہ کے رہنماؤں نے ان جہادیوں کو، جنھوں نے طوارق علیحدگی پسندوں کے ساتھ مل کر شمالی علاقے پر قبضہ کیا تھا، مشورہ دیا کہ سخت اسلامی قوانین نافذ کرنے میں جلدبازی نہ کریں۔

اس کے بجائے انھوں نے مقامی اتحادیوں کے ساتھ کام کرنے، آبادی کو ناراض نہ کرنے اور القاعدہ سے اپنے روابط کم نمایاں رکھنے کا کہا۔

پیغام یہ نہیں تھا کہ اپنے عزائم ترک کر دیے جائیں۔ بلکہ یہ تھا کہ مناسب وقت آنے تک حکمتِ عملی کے ساتھ صبر کیا جائے۔ ممکن ہے یہی سوچ آج بھی کارفرما ہو۔ تو کیا یہ گروہ واقعی اپنے عزائم بدل رہے ہیں یا صرف اپنی حکمتِ عملی؟

حتیٰ کہ جو لوگ سمجھوتے کی وکالت کر رہے ہیں، ضروری نہیں کہ وہ اسلامی قانون کی اپنی سخت تشریح پر مبنی ریاست کے قیام کے خواب سے دستبردار ہو رہے ہوں۔

کلارک سوچتے ہیں کہ کیا یہ زیادہ عملیت پسند نقطۂ نظر ایک ’ٹرواجن ہارس حکمتِ عملی‘ ہو سکتا ہے، یعنی جہادی گروہوں کے لیے اپنی طویل المدتی منزل ترک کیے بغیر طاقت حاصل کرنے کا طریقہ۔

وہ کہتے ہیں، ’بڑا سوال یہ ہے کہ کیا اقتدار میں آنے سے یہ گروہ واقعی معتدل ہو جاتے ہیں، یا وہ صرف بقا اور اپنی پوزیشن مضبوط کرنے کے لیے طریقۂ کار بدل رہے ہیں؟‘

لیکن سب حکمتِ عملی نہیں بدل رہے۔

داعش اپنی عالمی امنگوں پر مضبوطی سے قائم ہے اور سمجھوتے کو مسترد کرتی ہے۔

القاعدہ کی یمنی شاخ القاعدہ فی جزیرہ العرب اب بھی امریکہ اور اسرائیل کے خلاف حملوں کی اپیل کرتی ہے اور مغربی اور یہودی اہداف پر ’لون وولف‘ حملوں کی ترغیب دیتی ہے۔

اور ابھی یہ کہنا بہت جلد ہو گا کہ جنیم اور الشباب جیسے گروہ طالبان یا شام کی مثالوں کی پیروی کریں گے یا نہیں، اور آیا وہ واقعی سمجھوتے کے لیے تیار ہیں۔

کچھ جہادی گروہ حکمرانی کے تقاضوں کا سامنا کرتے ہوئے مقامی سیاست پر زیادہ توجہ مرکوز کر سکتے ہیں۔

دوسرے محض اپنے وسیع تر عزائم اس وقت تک چھپا سکتے ہیں جب تک وہ انھیں پورا کرنے کے لیے کافی مضبوط نہ ہو جائیں۔

عالمی جہادی خواب شاید ناکام ہو گیا ہو، لیکن جہاد پسندی ختم ہونے سے بہت دور ہے۔

Source: BBC Urdu · مینا اللامی

At a glance

Topic
World
Country
🇵🇰 PK
Publisher language
UR
Added to Allnira